موجودہ دور اے آئی کا زمانہ کہا جاتا ہے۔ اس سے انسانیت کی جتنی خدمت ہورہی ہے اتنا ہی یہ خطرے کی گھنٹی بھی بنتا جارہا ہے۔ اس لئے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی عالمی شہرت یافتہ شخصیات اے آئی سے متعلق سخت قوانین بنانے پر زور دے رہی ہیں۔
نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا سالانہ اجلاس جاری ہے۔ اس دوران جہاں کئی اہم معاملات زیر غور ہوں گے وہیں 200 سے زیادہ عالمی شخصیات نے اے آئی پر لگام دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 2026 تک دنیا بھر کے ممالک کو مل کر ایسے قوانین بنانے چاہئیں، جو اے آئی کے غلط استعمال کو روکنے کا عمل ممکن بنائیں۔ جن لوگوں نے قوانین بنانے کا مطالبہ کیا ہے، ان میں اے آئی کے گاڈ فادر کہلائے جانے والے جیفری ہنٹن بھی شامل ہیں۔
اے آئی کے لیے قواعد و ضوابط بنانے کا مطالبہ کرنے والوں نے ‘گلوبل کال فار اے آئی ریڈ لائنز’ کے نام سے بیان جاری کیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ اےآئی کا غلط استعمال معاشرے کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔ اس لیے 2026 تک اس کے حوالے سے سخت قوانین بنانے کی ضرورت ہے۔
نوبل امن انعام یافتہ ماریا ریسہ نے اس بیان کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ اے آئی جس تیزی سے بڑھ رہا ہے، اس سے معاشرے کو بڑے خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ دنیا کی حکومتیں ایک بین الاقوامی معاہدہ کریں، جس میں یہ واضح ہو کہ اے آئی کا استعمال کن چیزوں کے لیے کیا جا سکتا ہے اور کن کے لیے نہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اے آئی کو محدود کرنے کے لیے سخت اقدامات نہیں اٹھائے گئے، تو اے آئی سے بے روزگاری، انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور یہاں تک کہ وبائی امراض جیسے خطرات پیدا ہو سکتے ہیں۔











