پاکستان نے ایشیا کپ سپر 4کے اہم ترین میچ میں بنگلا دیش کو ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ جس کے بعد اب ایک بار پھر اتوار کو پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
دبئی میں کھیلے گئے ایشیا کپ سپر 4کے میچ میں بنگلا دیش نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان مقررہ 20اوورز میں صرف 135 رنز ہی بناسکی۔
پاکستان کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے، محمد حارث 31 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ محمد نواز نے 25 اور فہیم اشرف نے 14 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کا ٹاپ آرڈر پھر فیل
قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والے صاحبزادہ فرحان صرف 4 رنز ہی بناسکے، تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے صائم ایوب ایک بار پھر کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے، وہ ایشیا کپ میں چوتھی بار صفر پر آؤٹ ہوئے۔
فخر زمان بھی بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور 20 گیندوں پر 13 رنز اور حسین طلعت 3رنز بناکر رشاد حسین کا شکار ہوئے جبکہ کپتان سلمان آغا پھر ناکام ہو گئے اور 19 رنز بنا کر مستفیض الرحمان کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کو چھٹا نقصان 14ویں اوور میں 71 رنز پر ہوا، جب شاہین شاہ آفریدی بڑی ہٹ مارنے کی کوشش میں 19 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کی جانب سے محمد حارث 31 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ محمد نواز نے 25 اور فہیم اشرف نے 14 رنز اسکور کیے۔
بنگلہ دیش کے تسکین احمد نے 3 وکٹیں حاصل کیں، رشاد حسین اور مہدی حسن نے 2 ،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مستفیض الرحمٰن ایک وکٹ لے سکے۔
پاکستانی بولرزنے میچ جتوایا
پاکستان نے بنگلا دیش کو 136 رنز کا ہدف دیا تو ایسا لگا کہ میچ اور فائنل کھیلنے کا موقع دونوں ہی ہاتھ سے نکل گئے۔ لیکن پاکستانی بولرز نے جان لڑادی۔
شاہین شاہ آفریدی نےپہلے ہی اوور میں بنگلا دیش کو پہلا نقصان پہنچایا۔ دوسری کامیابی کے لئے پاکستان کو پانچویں اوور کا انتظار کرنا پڑا۔ 23 رنز کے مجموعے پر توحید ہریدوائے آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد بنگلا دیش کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرنے لگی اور 73 رنزپربنگلا دیش کی7 وکٹیں گر چکی تھیں۔ اس موقع پر تنظیم حسن اور شمیم حسین نے ٹیم کو سہارہ دینے کی کوشش کی۔
بنگلا دیش کا اسکور 97 رنزپر پہنچا تو تنظیم حسن اور شمیم حسین آؤٹ ہوگئے۔ 101رنزپر بنگلا دیش کی نویں وکٹ گری ۔
آخری اوور میں میچ اس وقت اور بھی دلچسپ ہوا جب حارث رؤف نے 4 گیندوں پر 11 رنز دے دیئے۔ جس کے بعد دو گیندوں پر بنگلا دیش کو 12 رنز درکار تھے لیکن خوش قسمتی سے دونوں ہی گیندوں پر کوئی رن نہ بن سکا ۔ اس طرح پاکستان 11 رنز سے کامیاب ہوا۔
اب ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کا مقابلہ بھارت سے ہوگا ۔











