بالی ووڈ کے اداکار ابھشیک بچن اور ایشوریا رائے نے اے آئی جنریٹڈ ڈیپ فیک ویڈیوز کے حوالے سے یوٹیوب اور گوگل کے خلاف قانونی جنگ چھیڑ دی ہے۔ بالی ووڈ شخصیات نے گوگل اور دوسری کمپنیوں سے ساڑھے 4 لاکھ ڈالرز ہرجانے کا مطالبہ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی ہائی کورٹ میں بالی ووڈ کی سپر اسٹار ایشوریا رائے بچن اور ان کے شوہر ابھیشیک بچن نے ٹیک کمپنی گوگل اور ویڈیو شیئرنگ ویب سائیٹ یوٹیوب کے خلاف مقدمے میں سیکڑوں لنکس اور اسکرین شاٹس بطور شواہد جمع کرائے ہیں،
ایشوریا اور ابھشیک بچن کا الزام ہے کہ یوٹیوب ویڈیوز میں ان کا “جنسی طور پر واضح” یا “خیالی” اے آئی مواد دکھایا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں یوٹیوب کی مواد اور تھرڈ پارٹی ٹریننگ پالیسیز تشویش ناک ہیں۔
اپنی درخواست میں انہوں نے کہا ہے کہ یوٹیوب صارفین کو حریف اے آئی ماڈلز کی تربیت دینے کے لیے ان کے بنائے گئے ویڈیوز کو شیئر کرنے کی اجازت دیتا ہے، جس سے آن لائن گمراہ کن مواد کے مزید پھیلاؤ کا خطرہ ہے۔
دستاویزات میں کہا گیا ہے، یوٹیوب پر اپ لوڈ کیا جانے والا مواد جسے عوامی سطح پر دیکھا جارہا ہو ۔ اسے تربیت کے لیے استعمال کرنا غلط ہے. اگر اے آئی پلیٹ فارمز کو جانب دار مواد پر تربیت دی جاتی ہے جو انہیں منفی طور پر پیش کرتی ہے اور ان کے دانشورانہ املاک کے حقوق کی خلاف ورزی کرتی ہے، تو اے آئی ماڈل “ایسی تمام جھوٹی” معلومات سیکھ سکتے ہیں، جس سے اس کا مزید پھیلاؤ ہو سکتا ہے۔











