سعودی عرب نے حج 2026 (1447 ہجری) کے لیے مکہ اور مدینہ میں عازمین کی رہائش کے انتظامات کو جدید بنانے کے لیے ایک نیا لائسنسنگ نظام متعارف کروا دیا ہے۔
گلف نیوز کے مطابق اب عازمین حج کی رہائش کے لیے لائسنس جاری کرنے کا عمل عارضی ہاسٹل لائسنسنگ سروس کے ذریعے کیا جائے گا، جسے وزارتِ سیاحت اور وزارتِ بلدیات و رہائش کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔
اس نظام کے تحت درخواست دہندگان کو ’نسک‘ پلیٹ فارم کے ذریعے رجسٹر کرنا ہوگا تاکہ وہ عازمین کے لیے رہائش کی کرایہ داری کے اہل بن سکیں۔
لائسنس حاصل کرنے کے لیے وزارتِ سیاحت کے الیکٹرانک پلیٹ فارم کے ذریعے درخواست دینی ہوگی اور یہ تمام عمل یکم فروری 2026 سے قبل مکمل ہونا ضروری ہے۔ وزارتِ سیاحت سے سال بھر کے لیے لائسنس یافتہ ہوٹل نئے عارضی سسٹم کے دائرہ کار میں نہیں آتے۔
سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے حکام کے مطابق یہ نیا نظام حج کے دوران خدمات کے معیار کو بلند کرنے، بکنگ کے عمل کو آسان بنانے اور عازمین کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔
عارضی لائسنس کے ذریعے معیاری رہائش فراہم کی جائے گی اور تمام لائسنس یافتہ مقامات کو نسک پلیٹ فارم کے ساتھ مربوط کر کے منظم بکنگ کی سہولت بھی دی جائے گی۔











