بھارتی کرکٹ ٹیم کے رکن رنکو سنگھ کو ممبئی میں بھتہ طلب کیا گیا ہے اور نہ دینے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئی ہیں ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس نے انٹر پول کی مدد سے محمد دلشاد نوشاد نامی ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ بھارتی ریاست بہار کے علاقے دربھنگہ کے رہائشی محمد دلشاد نوشاد نے کیریبئین ریاست ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو سے کرمنل گینگ کے ہاتھوں قتل کئے گئے سیاستدان بابا صدیقی کے بیٹے ذیشان صدیقی کو دھمکی دی تھی۔
ملزم نے رنکو سنگھ کے ایونٹ منیجر کو بھی دھمکی آمیز ای میل بھیجی تھی۔ اس نے بھارتی کرکٹر رنکو سنگھ سے بھی 10 کروڑ روپے کی بھتہ طلب کیا تھی۔
دونوں معاملات میں ملزم نے خود کو ڈی-کمپنی (داؤد ابراہیم گینگ)کا رکن بتاتے ہوئے بھتہ نہ دینے پر جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دلشاد نے بابا صدیقی قتل کی تفتیش میں پولیس کو گمراہ کرنے کی کوشش بھی کی تھی۔ اس نے اپنے میل میں یہ تک لکھا کہ لارنس بشنوئی کا بابا صدیقی کے قتل سے کوئی تعلق نہیں ، جس سے تحقیقاتی ایجنسیوں کو شک ہوا کہ کوئی جان بوجھ کر غلط سمت میں تحقیقات موڑنے کی کوشش کر رہا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم کا کسی بھی گینگ سے کوئی تعلق نہیں ، وہ اس طرح کے ای میل کرکے موقع کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہا تھا۔











