اہم ترین

جنوبی افریقا ٹیسٹ سیریز : 39 سالہ آصف آفریدی کی شمولیت، اظہر محمود دفاع کرنے لگے

ٹیسٹ فارمیٹ میں قومی کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ اظہر محمود کہتے ہیں کہ آصف آفریدی ڈومیسٹک میں پرفارم کر کے ٹیم میں آئے ہیں اور جہاں تک عمر کا تعلق ہے وہ صرف ایک نمبر ہے۔

پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز 12 اکتوبر سے ہوگا۔ دونوں ٹیمیں بھرپور پریکٹس کررہی ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران عبوری ہیڈ کوچ اظہر محمود نے کہا کہ جنوبی افریقا ٹیسٹ چیمپئن ٹیم ہے، ہم نے 20 وکٹیں لینے کی منصوبہ بندی کرنی ہے۔ ہمیں ان کی طاقت اور کمزوریوں کا علم ہے۔ سیریز میں انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز سیریز جیسی پچیں تو نہیں ہوں گی لیکن اس میں اسپن ضرور ہو گا۔

اظہر محمود نے ٹیم میں 39 سالہ اسپنر آصف آفریدی کی شمولیت پر تنقید کو بلاجواز قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ آصف آفریدی اس وقت اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ وہ دومیسٹک کرکٹ میں پرفارم کرکے یہاں تک پہنچے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کن کشن قوانین کے لیے ہمیں ایسے بولر کی اسکواڈ میں ضرورت تھی، جنوبی افریقہ کی ٹیم بھی ایک سینئر اسپنر کو لائی ہے ان کی عمر بھی 38 برس ہے۔ جہاں تک عمر کا تعلق ہے وہ صرف ایک نمبر ہے۔

ریڈ بال پلیئنگ الیون میں محمد رضوان کی شمولیت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ٹیم محمد رضوان کے ساتھ ہیمیدان میں جائے گی۔ رضوان کے بعد اس فارمیٹ میں کوئی وکٹ کیپر ہے تو وہ روحیل نذیر ہیں۔

پاکستان