پاکستان شوبز انڈسٹری کی اداکارہ زارا ترین نے اپنی ذاتی زندگی کے ایک اہم باب پر پہلی بار لب کشائی کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ان کی شادی ہالی ووڈ اداکار فرحان طاہر سے صرف چار ماہ میں ہی عملی طور پر ختم ہوگئی تھی، تاہم قانونی کارروائی مکمل ہونے میں وقت لگا۔
زارا ترین اور فرحان طاہر کی شادی 2021 میں ہوئی تھی، صرف دوسال بعد ہی انہوں نے طلاق کا اعلان کردیاتھا۔ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے زارا ترین نے پہلی بار اپنی طلاق اور اس سے جڑے حقائق کے بارے میں تفصیل سے بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ ہماری شادی سال بھر بھی نہیں چل سکی۔ صرف چار ماہ بعد ہی مسائل شروع ہوگئے تھے اور ہم نے علیحدگی اختیار کر لی تھی، لیکن قانونی طور پر طلاق کے مراحل میں وقت لگا۔
زارا ترین نے بتایا کہ ان کے اور فرحان طاہر کے درمیان تقریباً 20 سال کا عمر کا فرق تھا، جو بعد میں ایک بڑا عنصر ثابت ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر انسان کا اپنا ماضی ہوتا ہے، اور بظاہر سب کچھ جاننے کے باوجود آپ کسی کو مکمل طور پر نہیں سمجھ سکتے۔ مجھے بھی یہی لگا کہ میں سب جانتی ہوں، لیکن وقت کے ساتھ اندازہ ہوا کہ مجھے دھوکہ دیا گیا ہے۔
اداکارہ نے انکشاف کیا کہ شادی سے قبل اور دوران انہیں فرحان طاہر کی زندگی کے کئی پہلوؤں کے بارے میں جھوٹ بولا گیا، کئی باتیں چھپائی گئیں اور انہیں گمراہ کیا گیا۔ میں نے اس رشتے کے لیے بڑے خواب دیکھے تھے، لیکن دوسرے فریق کی نیت اور ارادے مختلف تھے، جن کے بارے میں مجھے ابتدا میں معلوم نہیں تھا۔











