اہم ترین

نوبل انعام یافتہ ماریا کورینا نے کہا کہ “اصل حق دار آپ تھے”: ٹرمپ کا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ وینزویلا کی حزبِ اختلاف کی رہنما اور حالیہ نوبیل امن انعام یافتہ ماریا کورینا ماچاڈو نے انہیں فون کر کے کہا ہے کہ دراصل وہی اس انعام کے اصل حق دار تھے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ جس شخصیت کو نوبیل انعام ملا ہے، انہوں نے مجھے فون کیا اور کہا کہ میں یہ انعام آپ کے اعزاز میں قبول کر رہی ہوں کیونکہ اصل میں آپ اس کے مستحق تھے۔

صدر ٹرمپ نے مذاقاً کہا کہ میں نے یہ نہیں کہا کہ پھر یہ انعام مجھے دے دو، حالانکہ شاید انہوں نے ایسا کہا ہو۔ وہ بہت خوش اخلاق خاتون ہیں۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ ہر مرحلے پر ماریا کورینا اور وینزویلا کی مدد کرتے رہے ہیں۔وینزویلا مکمل تباہی کی حالت میں ہے۔ ممکن ہے کہ یہ انعام 2024 کے لیے دیا گیا ہو، اور میں اُس وقت صدارتی انتخاب لڑ رہا تھا۔

انہوں نے اپنی پالیسیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ میں خوش ہوں کیونکہ میں نے لاکھوں جانیں بچائیں۔

اس سے قبل وائٹ ہاؤس کی جانب سے بھی نوبیل کمیٹی کو اس فیصلے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ وائٹ ہاؤس کے ڈائریکٹر آف کمیونیکیشنز سٹیون چیونگ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا تھا کہ نوبل کمیٹی نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ امن پر سیاست کو ترجیح دیتی ہے۔ ٹرمپ امن معاہدے کرتے رہیں گے، جنگوں کا خاتمہ کریں گے اور انسانیت کے لیے کھڑے رہیں گے۔ تاریخ میں شاید ہی کوئی دوسرا ایسا شخص آیا ہو جو اپنے عزم کی طاقت سے پہاڑوں کو بھی ہلا دے۔

صدر ٹرمپ نے رواں سال جنوری میں اپنی دوسری مدتِ صدارت کے آغاز کے بعد سے بارہا یہ دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے دنیا میں کئی تنازعات ختم کروائے ہیں، اس لیے وہ نوبیل امن انعام کے اصل حقدار ہیں۔

حال ہی میں انہوں نے کہا کہ غزہ میں سیزفائر کی ڈیل ان کی آٹھویں بڑی کامیابی ہے جس سے ایک اور جنگ رُکی۔تاہم، ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ دعوے حقیقت سے زیادہ مبالغہ آمیز ہیں۔

نوبیل انعام سے متعلق ماہرین نے اوسلو میں پہلے ہی واضح کر دیا تھا کہ ٹرمپ کی امریکا فرسٹ پالیسی نوبیل انعام کی روح سے مطابقت نہیں رکھتی۔

صدر ٹرمپ نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا وہ جو بھی کریں، مجھے منظور ہے۔ لیکن ایک بات طے ہے، میں نے یہ سب نوبیل کے لیے نہیں کیا، بلکہ اس لیے کیا کیونکہ میری وجہ سے بے شمار جانیں بچی ہیں۔

پاکستان