پاکستان کرکٹ بورڈ نے بڑی خوشخبری سنائی ہے کہ پی ایس ایل فرنچائزز کی باقاعدہ انڈیپنڈنٹ ویلیو لگ چکی ہے۔ یعنی اب ہر ٹیم یہ پورے اعتماد سے کہہ سکتی ہے کہ ہماری پرفارمنس کچھ ہو نہ ہو، ہماری مارکیٹ ویلیو تو ہے۔
پی سی بی کے مطابق ویلیو ایشن کےبعدتمام فرنچائزز کی انتظامیہ کو معاہدوں کی توسیع کے لئے باضابطہ طور پر خطوط بھجوا دیے گئے ہیں۔ جن کے پاس اب یہ آپشن ہے کہ یا تو خط دیکھ کر خوشی سے اچھل پڑیں، یا پھر پرسکون انداز میں کہیں ہم سوچ کر بتاتے ہیں۔
پی سی بی نے فرنچائزز کی سہولت کے لیے اجتماعی اور انفرادی میٹنگز کا بندوبست بھی کیا ہے، جہاں ٹیموں کو ماہرین سے ویلیوایشن سمجھنے کا سنہری موقع ملے گا۔ یعنی پہلی بار ٹیم مالکان کو گراؤنڈ کے باہر بھی ڈی آر ایس مل گیاکہ ہمیں اس ویلیو ایشن پر ریویو چاہیے۔
پی سی بی کے مطابق دو نئی پی ایس ایل ٹیموں کی ویلیو رپورٹ بھی موصول ہو چکی ہے اور جلد ہی ان کی فروخت کا ٹینڈر کھلنے والا ہے۔
ممکنہ نئے شہروں کی فہرست بھی جاری کر دی گئی ہے جن میں حیدرآباد، سیالکوٹ، مظفرآباد، فیصل آباد، گلگت اور راولپنڈی شامل ہیں۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ وہ پی ایس ایل کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ صاف، شفاف اور پیار محبت والا رشتہ برقرار رکھنا چاہتا ہے، یعنی کرکٹ کی ایسی فیملی جہاں سب لڑتے بھی ہیں لیکن پیسہ اور پوائنٹس ٹیبل سب کو جوڑے رکھتے ہیں۔











