بھارتی ٹینس اسٹار اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی سابق اہلیہ ثانیہ مرزا کہتے ہیں کہ بچوں کو گھر میں تکلیف دہ ماحول دینے کے بجائے الگ ہوجانا بہتر ہے۔
ثانیہ مرزا نے 2010 میں پاکستانی کرکٹر شعیب ملک سے شادی کی تھی اور 2018 میں ان کے بیٹے اذہان کی پیدائش ہوئی۔ دونوں کی شادی جنوری 2024 میں باضابطہ طور پر ختم ہوگئی تھی۔
بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے اپنے یوٹیوب پروگرام “سرو اِٹ وِد ثانیہ” میں معروف بولی وڈ فلم ساز و کوریوگرافر فرح خان کو مدعو کیا، جہاں دونوں نے زندگی، دوستی اور والدین کی ذمہ داریوں پر کھل کر گفتگو کی۔
گفتگو کے دوران سنگل پیرنٹ کے طور پر بچوں کی پرورش کے چیلنجز پر بات کرتے ہوئے فرح خان نے ثانیہ مرزا کی تعریف کی اور کہا کہ وہ اکیلے بیٹے کی دیکھ بھال، گھر اور کام کو جس طرح سنبھال رہی ہیں، وہ انتہائی قابلِ ستائش ہے۔
ثانیہ نے گفتگو میں اس حقیقت پر زور دیا کہ بچے بہت ہوشیار ہوتے ہیں اور والدین کے چہرے پر مصنوعی مسکراہٹ بھی فوراً پہچان لیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر گھر میں ماحول خوشگوار نہ رہے تو بچوں کو اذیت ناک فضا میں رکھنے کے بجائے علیحدگی اختیار کرنا بہتر ہوتا ہے۔
پروگرام میں ثانیہ نے فرح خان کے ساتھ اپنی دوستی کا ذکر بھی کیا اور بتایا کہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے کے باوجود فرح ان کی زندگی کی سب سے قریبی دوستوں میں سے ایک ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ زندگی کے سخت ترین مرحلے میں، جب وہ ایک لائیو شو کی میزبانی سے قبل لرز رہی تھیں، فرح خان نے ان کا حوصلہ بڑھایا اور انہیں سنبھالا، جس کے بعد وہ اعتماد کے ساتھ شو کر سکیں۔











