اہم ترین

پاکستان کی تیسرے میچ میں بھی جیت: سری لنکا کو وائٹ واش

راولپنڈی میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو شاندار کارکردگی کے بعد شکست دے دی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلی گئی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں سری لنکا نے اس میچ کے لیے اپنی پلیئنگ الیون میں چار تبدیلیاں کیں جبکہ کپتان چریتھ اسالنکا بیماری کے باعث ٹیم کا حصہ نہ بن سکے، جس کے باعث قیادت کوشال مینڈس نے سنبھالی۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ جہاں مہمان ٹیم 46ویں اوور میں 211 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

سری لنکا کی جانب سے سدھیرا سمراوکراما 48 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ کوشال مینڈس نے 34، ڈیبیو کرنے والے پون رتنائیکا نے 32، کامل مشرا نے 29 اور پاتھوم نیسانکا نے 24 رنز بنائے۔

ایک موقع پر سری لنکا کا آغاز بہتر تھا اور پہلی وکٹ 55 کے مجموعی اسکور پر گری، مگر بعد ازاں وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں اور پوری ٹیم 45.2 اوورز میں ڈھیر ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونیئر نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں۔ اسپنر فیصل اکرم نے دو وکٹیں لیتے ہوئے 42 رنز دیے، جبکہ حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے اوپنرز نے محتاط آغاز فراہم کیا۔ فخر زمان 55 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان 61 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور ٹیم کو فتح دلانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔ بابر اعظم نے 34 رنز اسکور کیے، سلمان علی آغا چھ رنز بنا سکے جبکہ حسیب اللہ خان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

سری لنکا کی جانب سے جیفری وینڈرسے نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ مہیش ٹھیکشانا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس طرح پاکستان نے سری لنکا کو ہرا کر سیریز میں 3-0 سےکامیابی حاصل کرلی ہے۔

پاکستان