اہم ترین

جنگ مسلط کی تو جواب وہی ملے گا جو مئی میں دیا تھا:فیلڈ مارشل

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہناہے کہ ماضی کی طرح اب بھی پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، مگر اگر جنگ مسلط کی گئی تو جواب بھی اسی طرح دیا جائے گا جیسے مئی میں دیا گیا تھا۔

اسلام آباد میں ایوانِ صدر میں اردن کے بادشاہ کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے غیر رسمی گفتگو میں قومی دفاع اور حالیہ واقعات سے متعلق اہم اظہارِ خیال کیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ جب مسلمان اللہ پر بھروسہ کرتا ہے تو دشمن پر پھینکی گئی مٹی بھی اس کے لیے میزائل بن جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اللہ کے حکم اور ذمہ داری کے مطابق فرائض انجام دے رہے ہیں۔

بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ اللہ نے پاکستان کو سربلند کیا اور ماضی کی طرح اب بھی پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، مگر اگر جنگ مسلط کی گئی تو جواب بھی اسی طرح دیا جائے گا جیسے مئی میں دیا گیا تھا۔

انہوں نے فتح پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی محض اللہ کی مدد سے حاصل ہوئی۔

گفتگو کے دوران انہوں نے غزوۂ احد کا حوالہ دیتے ہوئے قرآنی آیات کا ذکر بھی کیا اور کہا کہ ایمان اور یکجہتی سے بڑی سے بڑی آزمائش کا سامنا کیا جا سکتا ہے۔

تقریب میں ملکی و غیر ملکی شخصیات نے شرکت کی اور پاکستان و اردن کے تعلقات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

پاکستان