اہم ترین

پاکستان بہت جلد قرضوں سے مکمل آزاد ہو کر خود کفیل بنے گا: وزیر اعظم

وزیر اعظم شہباز شریف کہتے ہیں کہ پاکستان کی ترقی کا خواب جلد حقیقت بنے گا اور ملک قرضوں سے مکمل آزاد ہو کر خود کفیل بنے گا۔

عالمی مالیاتی فنڈ نے پاکستان میں حکومتی معاشی اصلاحات اور اقدامات کے مؤثر نفاذ پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور جاری پروگرام کے تحت مالی امداد جاری کی۔

وزیرِ اعظم نے اس موقع پر کہا کہ یہ کامیابی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور ان کی ٹیم کی لگن اور محنت کا نتیجہ ہے۔

وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ ملک کو ڈیفالٹ کے قریب سے واپس استحکام اور ترقی کی راہ پر لانا ایک مشکل مرحلہ تھا، جس میں سیاسی جماعتوں نے ذاتی اور سیاسی اختلافات کو پیچھے رکھ کر تعاون کیا اور عوام نے معاشی مشکلات برداشت کیں۔ ان کے مطابق یہی قربانی پاکستان کو ناممکن کو ممکن بنانے میں مددگار ثابت ہوئی۔

اس دوران، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی اصلاحاتی ایجنڈے کے نفاذ میں اہم کردار ادا کیا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان کی معاشی اصلاحات اور ڈیجیٹائزیشن دنیا کے لیے ایک کامیاب مثال بن چکی ہیں۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ استحکام کے بعد ترقی کی راہ میں مزید محنت ضروری ہے، اور میں بطور خادم پاکستان عوام کی خوشحالی اور ملکی قرضوں کی مکمل ادائیگی تک اپنی کوششیں جاری رکھوں گا۔ انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان معاشی طور پر مضبوط اور خود کفیل ہوگا ۔

پاکستان