اہم ترین

جنوبی کوریا کی تاریخ کا سب سے بڑا ڈیٹا لیک: آن لائن شاپنگ پلیٹ فارم کے دفتر پولیس چھاپا

جنوبی کوریا کی پولیس نے مقامی ای کامرس دیو کوپانگ کے سیول ہیڈکوارٹرز پر چھاپہ مارا، جس کا مقصد ملک کی دو تہائی آبادی کو متاثر کرنے والے حالیہ ڈیٹا لیک کی تحقیقات کرنا ہے۔

رواں برس جنوبی کوریا کے سب سے مقبول آن لائن شاپنگ پلیٹ فارم کوپانگ کا ڈیٹا لیک ہوا تھا، جس میں صارفین کے نام، ای میل، فون نمبر، آرڈر اور بھجوائے گئے پتے افشاء ہوئے تھے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ ادائیگی کی تفصیلات اور لاگ ان کریڈینشلز متاثر نہیں ہوئے۔ پولیس کے مطابق، تقریباً 3 کروڑ 37 لاکھ صارفین کی ذاتی معلومات لیک ہوئی، جو ملک کی آبادی کا تقریباً دو تہائی حصہ بنتی ہے۔

پولیس نے چھاپے کو ضروری اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے واقعے کی مکمل تفصیلات کا جائزہ لیا جائے گا۔ سائبر انویسٹی گیشن یونٹ کے 17 افسران تحقیقات میں حصہ لے رہے ہیں۔

تحقیقات کے مطابق ڈیٹا لیک 24 جون سے 8 نومبر تک کوپانگ کے غیر ملکی سرورز کے ذریعے ہوا، اور کمپنی کو اس کا علم پچھلے مہینے ہوا جب اس نے ایک سابق ملازم (چینی شہری) کے خلاف شکایت درج کروائی۔

اب کوپانگ کو امریکا میں بھی کلاس ایکشن مقدمے کا سامنا ہے، جہاں اس کا عالمی ہیڈکوارٹر واقع ہے۔ صدر دفتر نے کمپنی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صارفین کو نقصان پہنچنے کی صورت میں معاوضے کے لیے واضح اقدامات پیش کرے۔

یہ کیس جنوبی کوریا کے سابقہ بڑے ڈیٹا حملوں کے بعد سامنے آیا ہے، جیسے ایس کے ٹیلیکوم پر سائبر حملہ جس میں 2 کروڑ 70 لاکھ صارفین کے ڈیٹا کی خلاف ورزی ہوئی تھی۔

پاکستان