بھارتی ڈراما کیونکہ ساس بھی کبھی بہو تھی کی اداکارہ موسمی میواؤالا ایک کروڑ 17 لاکھ روپے کی دھوکا دہی کے الزام میں گرفتار کرلی گئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس نے ٹی وی اداکارہ موسمی میواؤالا، ان کے والد راجیش میواؤالا اور بھائی بھارگَو میواؤالا کو ایک 60 سالہ بزرگ خاتون سے 1.17 کروڑ روپے کی مبینہ دھوکھا دہی کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
باندرا کے بانگُر نگر پولیس اسٹیشن میں درج مقدمے کے مطابق ملزمان نے ایک جعلی سموسا وڑا پاؤ انویسٹمنٹ اسکیم کے ذریعے بزرگ خاتون کے ساتھ فراڈ کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے متاثرہ خاتون کو روزانہ منافع کا جھانسہ دے کر پہلے 25 لاکھ روپے انویسٹ کروائے اور اعتماد بنانے کے لیے کچھ دنوں تک روز 2 ہزار روپے کی ادائیگی کی۔ بعد میں خاتون کا سرمایہ بڑھتے بڑھتے 1.17 کروڑ ہو گیا، جس کے بعد پورا خاندان غائب ہو گیا اور فون بند کر دیے گئے۔
یہ معاملہ 2022 میں شروع ہوا جب متاثرہ خاتون اپنے شوہر سے ملاقات کے لیے آرتھر روڈ جیل گئیں، جہاں ان کی ملاقات راجیش میواؤالا سے ہوئی۔ بعد کی ملاقاتوں میں موسمی اور اس کے بھائی نے زیادہ منافع کا لالچ دے کر پوری رقم اپنی اسکیم میں انویسٹ کروا دی۔
متاثرہ خاتون کی جانب سے 2023 میں راجیش کی ضمانت اور بعد ازاں 2024 کے لون ایگریمنٹ کے باوجود رقم واپس نہ ملنے پر ایف آئی آر درج کرائی گئی۔ پولیس نے ٹیکنیکل سرویلنس اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے 28 نومبر کو ملزمان کو لوئر پریل سے گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق موسمی اور اس کے والد کے خلاف ممبئی میں اسی نوعیت کے چھ سے سات کیس پہلے ہی درج ہیں۔
موسمی نے بطور چائلڈ آرٹسٹ مشہور ٹی وی ڈرامہ ’کیونکہ ساس بھی کبھی بہو تھی‘ (پارٹ 1) میں کام کیا تھا۔ بعد ازاں وہ 2024 میں فلم ’حساب برابر‘ میں بھی نظر آئیں۔ انہوں نے 21 سال کی عمر میں اپنا فیشن برانڈ پنک پی کوک لانچ کیا۔











