بھارتی ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار ایک بار پھر تنازع کی زد میں آ گئے ہیں، مگر اس بار معاملہ محض سیاست تک محدود نہیں رہا بلکہ مذہبی احترام اور خواتین کے وقار سے جڑ گیا ہے۔ ایک سرکاری تقریب کے دوران خاتون ڈاکٹر کا حجاب کھینچنے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سابق بالی ووڈ اداکارہ زائرہ وسیم نے نیتیش کمار کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
گزشتہ روز بھارتی ریاست بہار کے شہر پٹنہ میں ایک سرکاری پروگرام کے دوران بی جے پی کے حمایت یافتہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار ایک مسلم خاتون ڈاکٹر کا حجاب نیچے کرتے دکھائی دیے۔ جس پر ان کے قابل تنقید اقدام کی شدید مذمت کی جارہی ہے۔
زائرہ وسیم نے بھی سوشل میڈیا پر سخت اور طنزیہ لہجے میں پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار کسی کو یہ حق نہیں دیتا کہ وہ کسی خاتون کی ذاتی اور مذہبی شناخت کو اسٹیج پر تماشہ بنا دے۔ انہوں نے واضح الفاظ میں نتیش کمار سے غیرمشروط معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔
زائرہ نے لکھا کہ ایک مسلم عورت ہونے کے ناطے میں یہ جانتی ہوں کہ حجاب محض کپڑا نہیں بلکہ وقار، شناخت اور عقیدے کی علامت ہے۔ اسے سرعام چھونا یا ہٹانا طاقت نہیں، بلکہ حساسیت کی کمی کی علامت ہے۔











