بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹّی ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہیں، مگر اس بار وجہ فلم یا فٹنس نہیں بلکہ ان کا لگژری ریسٹورنٹ باسٹین ہے۔ بنگلورو میں واقع باسٹین ریسٹورنٹ کے خلاف پولیس نے قواعد کی خلاف ورزی کے الزام میں ایف آئی آر درج کر لی ہے۔
پولیس نے یہ مقدمہ کبّن پارک پولیس اسٹیشن میں ریسٹورنٹ کے منیجر اور عملے کے خلاف درج کیا ہے۔ کارروائی کرناٹک پولیس ایکٹ کی دفعہ 103 کے تحت ازخود نوٹس لیتے ہوئے کی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 11 دسمبر کو باسٹین ریسٹورنٹ مقررہ وقت سے زیادہ، یعنی رات ڈیڑھ بجے تک کھلا رہا، جو قانون کی خلاف ورزی ہے۔ صرف باسٹین ہی نہیں بلکہ اسی رات سور بیری پب کے خلاف بھی پولیس نے کیس درج کیا ہے۔ اب تک اس معاملے میں آٹھ افراد کے بیانات قلمبند کیے جا چکے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اسی روز بنگلورو باسٹین کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوا تھا، جس میں بگ باس کے سابق کنٹسٹنٹ اور بزنس مین ستیہ نائیڈو نظر آئے۔ ویڈیو میں بل کی ادائیگی کے دوران پب کے اسٹاف سے ان کی تلخ بحث دکھائی دی، جو بعد میں جھگڑے کی شکل اختیار کر گئی۔ تاہم عملے نے بروقت مداخلت کر کے معاملہ سنبھال لیا تھا۔
تنازع بڑھنے پر ستیہ نائیڈو نے وضاحت دی کہ وہ دوستوں کے ساتھ ڈنر پر گئے تھے اور بل کے معاملے پر صرف معمولی تکرار ہوئی، کسی قسم کی مارپیٹ نہیں ہوئی۔ کہا جا رہا ہے کہ اسی وائرل ویڈیو کے بعد پولیس حرکت میں آئی۔
واضح رہے کہ شلپا شیٹّی نے 2019 میں باسٹین برانڈ کے بانی اور ریسٹورنٹ مالک رنجیت بندرا کے ساتھ شراکت داری کی تھی۔ آج وہ بھارت بھر میں کئی ریسٹورنٹس کی شریک مالکن ہیں اور برانڈ میں ان کی 50 فیصد حصے داری ہے۔











