بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار ایک بار پھر ٹی وی اسکرین پر جلوہ گر ہونے جا رہے ہیں۔ وہ دنیا کے مشہور ترین گیم شوز میں شمار ہونے والے “وہیل آف فارچون” کے بھارتی ورژن کی میزبانی کریں گے۔ یہ شو سونی ٹی وی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر 2026 میں نشر کیا جائے گا، تاہم اس کی حتمی تاریخ کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا۔
اس شو کی تیاری سونی پکچرز نیٹ ورکس انڈیا کر رہا ہے۔ حال ہی میں اکشے کمار نے شو کا ایک دلچسپ پرومو اپنے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر شیئر کیا، جس کے بعد مداحوں میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آ رہا ہے۔
Ab matter karega har ek akshar, jab ghumega jaadu ka chakkar 💫
— Akshay Kumar (@akshaykumar) December 20, 2025
Wheel Of Fortune India, exclusively on @SonyTV and @SonyLIV .
#SonyTv #ComingSoon. pic.twitter.com/Oj3BKK7OLZ
اکشے کمار نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس عالمی شہرت یافتہ فارمیٹ کو بھارتی ناظرین تک پہنچانے پر بے حد پرجوش ہیں۔ ان کے مطابق اس شو کی خاص بات اس کی ملٹی جنریشن اپیل ہے، جو بچوں سے لے کر بڑوں تک سب کو اپنی طرف متوجہ کرے گی۔
وہیل آف فارچون پہلی بار 1975 میں امریکا میں نشر ہوا تھا اور اسے ٹی وی کی تاریخ کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے گیم شوز میں شمار کیا جاتا ہے۔ یہ شو گنیز ورلڈ ریکارڈ میں دنیا کے مقبول ترین ٹی وی گیم شو کے طور پر درج ہے اور اب تک 8 ایمی ایوارڈز اپنے نام کر چکا ہے۔
دنیا بھر کے 60 سے زائد ممالک میں اس کے مختلف ورژنز بنائے جا چکے ہیں۔ شو کا فارمیٹ سادہ مگر دلچسپ ہے، جس میں مقابلہ کرنے والے کھلاڑی پہیہ گھما کر لفظوں اور جملوں سے متعلق پہیلیاں حل کرتے ہیں اور انعامات جیتتے ہیں۔
اکشے کمار اس سے پہلے بھی ٹی وی شوز کی میزبانی کر چکے ہیں۔ وہ “خطروں کے کھلاڑی” کے پہلے، دوسرے اور چوتھے سیزن کے میزبان رہے، جبکہ چوتھا سیزن 2011 میں نشر ہوا تھا۔ اس کے علاوہ وہ حال ہی میں کرن جوہر کے ساتھ شو “پچ ٹو گیٹ رچ” میں بھی نظر آئے تھے۔











