اہم ترین

پی ٹی سی ایل نے ٹیلی نار پاکستان کا انتظام باضابطہ سنبھال لیا

کراچی: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے ایک تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے ٹیلی نار پاکستان اور اورین ٹاورز کے جاری شدہ سو فیصد حصص کی خریداری کا عمل مکمل کر لیا ہے، جس کے بعد پی ٹی سی ایل نے باضابطہ طور پر ٹیلی نار پاکستان کا انتظام سنبھال لیا ہے۔

پی ٹی سی ایل کے مطابق اس پیش رفت سے ملک بھر میں ڈیجیٹل بااختیاری اور انقلابی تبدیلی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے۔ آج سے ٹیلی نار پاکستان اور اوریون ٹاورز، پی ٹی سی ایل کی سو فیصد ملکیتی ذیلی کمپنیوں کے طور پر اپنی خدمات انجام دیں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ٹیلی نار پاکستان، پاک ٹیلی کام موبائل لمیٹڈ (یوفون 4G) اور یو مائیکروفنانس بینک کے شانہ بشانہ پی ٹی سی ایل گروپ کا حصہ ہوگا، جس سے ٹیلی کام اور ڈیجیٹل فنانشل سروسز کے شعبے میں نئی ہم آہنگی پیدا ہوگی۔

پی ٹی سی ایل نے واضح کیا ہے کہ عبوری مدت کے دوران ٹیلی نار پاکستان ایک علیحدہ قانونی ادارے کے طور پر کام جاری رکھے گا۔ تاہم، تمام ضروری ریگولیٹری منظوریوں کے بعد مستقبل میں پی ٹی ایم ایل (یوفون 4G) اور ٹیلی نار پاکستان کو ایک مربوط ادارے کی صورت میں ضم کر دیا جائے گا۔

پاکستان