مصنوعی ذہانت کے شعبے میں عالمی شہرت یافتہ کمپنی اوپن اے آئی نے طبی دنیا میں ایک بڑا انقلاب برپا کرتے ہوئے اپنا نیا پلیٹ فارم چیٹ جی پی ٹی فور ہیلتھ کیئر باقاعدہ طور پر متعارف کروا دیا ہے۔
اوپن اے آئی کے مطابق چیٹ جی پی ٹی ہیلتھ کیئرعام چیٹ جی پی ٹی سے بالکل مختلف اور کسٹمائزڈ ہے، جسے خاص طور پر طبی اداروں، ہسپتالوں اور ڈاکٹروں کی پیشہ ورانہ ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پروگرام کیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق اس اقدام کا مقصد مریضوں کی دیکھ بھال کے معیار کو بہتر بنانا اور طبی عملے پر کام کے بوجھ کو کم کرنا ہے۔
یہ نیا ہیلتھ کیئر ٹول اوپن اے آئی کے طاقتور ترین جی پی ٹی 5 ماڈل پر مبنی ہے، جو کلینیکل ریسرچ اور آپریشنل کاموں کے لیے انتہائی درست اور معیاری جوابات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اس کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ اس کے ذریعے دی گئی تمام معلومات طبی مطالعہ جات، پبلک ہیلتھ گائیڈ لائنز اور مصدقہ طبی جرائد پر مبنی ہوتی ہیں۔ مزید برآں، ہر جواب کے ساتھ اس کے اصل ماخذ اور اشاعت کی تاریخ بھی درج ہوتی ہے تاکہ ڈاکٹر فوری طور پر معلومات کی تصدیق کر سکیں۔
طبی میدان میں ڈیٹا کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے اوپن اے آئی نے اس نئے ورژن کو قومی سلامتی اور ڈیٹا پرائیس فورسی کے سخت ترین اصولوں کے مطابق ڈیزائن کیا ہے۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ مریضوں کی ذاتی معلومات اور اسپتالوں کا خفیہ ڈیٹا مکمل طور پر محفوظ رہے گا اور اس سے کسی بھی قسم کی قومی سلامتی کو خطرہ لاحق نہیں ہوگا۔ یہ سسٹم انٹرپرائز ٹولز جیسے کہ مائیکروسافٹ شیئر پوائنٹ کے ساتھ بھی منسلک ہو سکتا ہے، جس سے ہسپتالوں کا ڈیٹا مینیجمنٹ سسٹم مزید مربوط ہو جائے گا۔
اس ٹول کے ذریعے ڈاکٹروں کو مریضوں کے چارٹس کا خلاصہ تیار کرنے، ڈسچارج ورک فلو کو منظم کرنے اور میڈیکل ٹیموں کے درمیان کوآرڈینیشن کو بہتر بنانے میں بڑی مدد ملے گی۔
فی الحال اس سروس کا آغاز امریکہ میں کیا گیا ہے، جہاں ڈویلپرز کو اوپن اے آئی اے پی آئی تک رسائی دی گئی ہے تاکہ وہ اپنی ضرورت کے مطابق صحت سے متعلق ایپس اور ٹولز تیار کر سکیں۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ اس ٹیکنالوجی سے نہ صرف علاج کے عمل میں تیزی آئے گی بلکہ انسانی غلطی کے امکانات بھی کم ہو جائیں گے۔











