اہم ترین

ٹی 20 ورلڈ کپ کے لئے بھارتی ٹیم سے ڈراپ ہونے پر شبھمن گل کا بڑا بیان

بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بلے باز شبھمن گل نے ٹی-20 ورلڈ کپ اسکواڈ میں جگہ نہ ملنے پر اپنی خاموشی توڑ دی ہے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف کل (11 جنوری) سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز سے قبل ایک پریس کانفرنس کے دوران گل کافی پُرسکون اور مثبت نظر آئے۔

ورلڈ کپ سے ڈراپ کیے جانے کے سوال پر شبھمن گل نے کسی بھی قسم کی ناراضگی ظاہر کرنے کے بجائے حقیقت پسندی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ میں زندگی کے اس مقام پر ہوں جہاں مجھے ہونا چاہیے تھا۔ جو میری قسمت میں لکھ دیا گیا ہے، وہ مجھ سے کوئی نہیں چھین سکتا۔

انہوں نے مزید واضح کیا کہ وہ سلیکٹرز کے فیصلے کا بھرپور احترام کرتے ہیں اور اسے کھلے دل سے قبول کرتے ہیں۔

شبھمن گل کچھ عرصہ قبل تک ٹی-20 فارمیٹ میں ٹیم کے نائب کپتان تھے، تاہم حالیہ جنوبی افریقا سیریز میں ان کی کارکردگی مایوس کن رہی جہاں وہ 3 اننگز میں صرف 32 رنز بنا سکے تھے۔ ان کی جگہ اب اکشر پٹیل کو دوبارہ نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

ساتھی کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات شبھمن گل نے اپنی جگہ منتخب ہونے والے کھلاڑیوں اور پوری ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پوری امید ہے کہ ہندوستانی ٹیم اس بار ورلڈ کپ جیت کر وطن لوٹے گی۔

تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ شبھمن گل کی حالیہ ناکامی اور سنجو سیمسن کی برق رفتار بیٹنگ نے سلیکٹرز کو یہ سخت فیصلہ کرنے پر مجبور کیا۔ اب توقع کی جا رہی ہے کہ ورلڈ کپ میں ابھیشیک شرما کے ساتھ سنجو سیمسن اوپننگ کی ذمہ داری نبھائیں گے۔

پاکستان