پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بحریہ نے شمالی بحیرۂ عرب میں منعقدہ ایک اہم بحری مشق کے دوران زمین سے فضا تک مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ورٹیکل لانچنگ سسٹم کے ذریعے فائر کیا گیا ایل وائی-80 (این) میزائل نے طویل فاصلے پر واقع اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔ اس کامیاب آزمائش سے پاکستان بحریہ کے جدید فضائی دفاعی نظام کی مؤثر کارکردگی اور طویل رینج صلاحیتوں کی تصدیق ہوئی ہے۔
بیان کے مطابق اس جامع بحری مشق میں پاکستان بحریہ نے اپنی آپریشنل تیاری، جنگی مہارت اور جدید حربی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا۔ مشق کے دوران بدلتے ہوئے بحری جنگی تقاضوں کے پیشِ نظر روایتی اور بغیر پائلٹ نظاموں کی صلاحیتیں نمایاں طور پر اجاگر کی گئیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مشق میں لوئٹرنگ میونیشن کے ذریعے سطحی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کی مشق بھی شامل تھی، جس سے بحریہ کی درست اور مؤثر ٹارگٹنگ صلاحیت کا اظہار ہوا۔ بیان میں کہا گیا کہ ان نظاموں نے اہداف کو مؤثر انداز میں تباہ کیا، جو جدید بحری جنگ میں ان کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ بغیر پائلٹ بحری جہاز (یو ایس وی) کے کھلے سمندر میں کامیاب آزمائشی تجربات بھی کیے گئے، جو خودکار بحری ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک نمایاں پیش رفت قرار دیے جا رہے ہیں۔ ان تجربات کے دوران اس پلیٹ فارم کی تیز رفتار، طویل دورانیے تک مشن انجام دینے کی صلاحیت، اعلیٰ چابک دستی، درست نیویگیشن اور خراب موسمی حالات میں مؤثر کارکردگی کی جانچ کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یو ایس وی ایک کم خطرے اور زیادہ اثر رکھنے والا جدید نظام ہے جو اسٹیلتھ خصوصیات کے ساتھ ایک مؤثر ٹیکٹیکل انٹرسیپٹر کے طور پر استعمال کی صلاحیت رکھتا ہے۔











