اہم ترین

خلا میں وائرس بدل گئے! بیکٹیریا سے لڑنے کا طریقہ زمین سے الگ

بین الاقوامی خلا اسٹیشن (ISS) میں کی گئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جب وائرس بیکٹیریا کو انفیکٹ کرتے ہیں تو خلا کی مائیکروگریویٹی میں ان کا ردعمل اور نمو زمین کی نسبت بالکل مختلف ہوتی ہے۔

سائنس ڈیلی نامی جریدے میں شائع رپورٹ کےمطابق یہ مطالعہ فل ہس کی قیادت میں کیا گیا جس میں خلا کے ماحول میں وائرس اور بیکٹیریا کے تعاملات پر توجہ دی گئی۔ یہ نتائج اہم ہیں کیونکہ یہ بتاتے ہیں کہ سب سے چھوٹے حیاتیاتی اور ارتقائی عمل بھی خلائی ماحول سے متاثر ہو سکتے ہیں۔ اس تحقیق کے نتائج نہ صرف اسپیس بایولوجی بلکہ زمین پر انسانی صحت کے لیے بھی معلومات فراہم کرتے ہیں۔

سائنسدانوں نے ٹی7 فیز نامی وائرس استعمال کیا، جو ای کولی بیکٹیریا کو انفیکٹ کرتا ہے۔ یہ تجربہ زمین پر بھی دہرایا گیا تاکہ خلا میں اور زمین پر ہونے والے تعاملات کا موازنہ کیا جا سکے۔

نتائج سے پتا چلا کہ انفیکشن کا طریقہ اور وقت زمین اور خلا میں مکمل طور پر مختلف تھا۔ یہ فرق اس بات سے جڑا ہوا ہے کہ مائیکروگریویٹی بیکٹیریا پر کیسے اثر انداز ہوتی ہے اور وائرس کے جسمانی حرکتوں کو متاثر کرتی ہے جب وہ میزبان پر رہتے ہیں۔

تحقیق میں جینوم سیکوینسنگ کے ذریعے معلوم ہوا کہ وائرس اور بیکٹیریا دونوں میں جینیاتی تبدیلیاں واقع ہوئیں۔ خلا میں وائرس نے بیکٹیریا کے خلیوں سے منسلک ہونے کی صلاحیت پیدا کی، جبکہ بیکٹیریا نے ایسی تبدیلیاں اپنائیں جو انہیں وائرس کے انفیکشن سے بچانے میں مدد دے سکیں اور مائیکروگریویٹی میں زندہ رہنے میں مددگار ثابت ہو سکیں۔

ڈیپ میوٹیشنل اسکیننگ سے مزید معلوم ہوا کہ وائرس کے ریسیپٹر بائنڈنگ پروٹین میں بھی فرق آیا، جو بیکٹیریا پر لگ کر انفیکشن میں مدد دیتا ہے۔ بعض تبدیلیاں ڈرگ ریزسٹینٹ ای کولی کی سرگرمی میں اضافہ کے ساتھ بھی جڑی ہوئی تھیں، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ خلا میں وائرس کے ارتقا کا مطالعہ زمین پر فیز تھراپی اور اینٹی بایوٹک ریزسٹنس کے علاج میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

سائنسدانوں کےمطابق یہ تحقیق اس بات پر روشنی ڈالتی ہے کہ خلا میں وائرس اور بیکٹیریا کے تعاملات کا مطالعہ زمین پر انسانی صحت اور دوائی کے علاج میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ اس سے نہ صرف بیکٹیریا کی موافقت اور وائرس کی طاقت کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے بلکہ مستقبل میں اینٹی بایوٹک ریزسٹنس کا مقابلہ کرنے کے نئے طریقے بھی دریافت ہو سکتے ہیں۔

پاکستان