چین میں شوہر اور اس کی ساتھی خاتون سے سرِعام معافی مانگنے کے عدالتی حکم نے بے وفائی کا شکار خاتون کو غیر متوقع طور پر سوشل میڈیا اسٹار بنا دیا۔
غیر ملکی ویب سائیٹ کے مطابق نیو نا نامی خاتون نے سوشل میڈیا اپنے شوہر کے اپنی ہی کولیگ کے ساتھ تعلقات کا پول کھول دیا۔ خاتون نے ناصرف شوہر اور اس کی مبینہ معشوقہ کے نام بتائے بلکہ ان کے خلاف ثبوت اور ذاتی معلومات شیئر کر دیں۔
اس اقدام پر شوہر اور اس کی ساتھی، جو خود بھی شادی شدہ تھی، نے نیو نا کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کیا، جس میں عدالت نے نیو نا کو قصوروار قرار دیتے ہوئے 15 دن تک مسلسل شوہر اور اس کی ساتھی سے عوامی معافی مانگنے کا حکم دیا۔
تاہم نیو نا نے اس عدالتی حکم پر اپنے انداز سے عمل کیا ۔ انہوں نے باقاعدہ معذرتی ویڈیوز پوسٹ کیں لیکن ان ویڈیوز میں شوہر کی بے وفائی، مالی غفلت، گھریلو تشدد کے الزامات اور مہنگے تحائف کے ثبوت بھی شامل کر دیے، جو وہ مبینہ طور پر تیسری خاتون کو دیتا رہا۔
نیو نا کی روزانہ کی معذرتی ویڈیوز لاکھوں بار دیکھی جا رہی ہیں اور ہر ویڈیو پر ہزاروں تبصرے ہو رہے ہیں۔ عوام کی بڑی تعداد روزانہ نئی ویڈیو کا انتظار کر رہی ہے جبکہ کچھ صارفین انہیں قانونی دائرے میں رہتے ہوئے مزید انکشافات کرنے کے مشورے بھی دے رہے ہیں۔
اس معاملے کے باعث شوہر اور اس کی ساتھی کے کام کرنے والے ادارے میں بھی شدید خلل پڑا ہے، جس کے بعد دونوں کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔











