بالی ووڈ کی باصلاحیت اور بےباک اداکارہ تبّو نے اپنے فلمی کیریئر کے ساتھ ساتھ ہمیشہ اپنی ذاتی زندگی کو بھی سادگی اور وقار کے ساتھ رکھا ہے۔ 90 کی دہائی کی کامیاب ترین اداکاراؤں میں شمار ہونے والی تبّو نے 38 سالہ فلمی سفر میں اپنی اداکاری کا لوہا منوایا، تاہم ان کی ذاتی زندگی، خصوصاً اپنے والد کے ساتھ تعلق نہ ہونے کا معاملہ ہمیشہ موضوعِ بحث رہا ہے۔
تبّو کا اصل نام تبسّم فاطمہ ہے، حیدرآباد میں پیدا ہوئیں۔ ایک پرانے انٹرویو میں انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کا اپنے والد جمال ہاشمی کے ساتھ کبھی کوئی رشتہ نہیں رہا اور نہ ہی وہ زندگی میں کبھی ان سے ملیں۔ جب وہ صرف تین برس کی تھیں تو ان کے والد نے ان کی والدہ رضوانہ کو طلاق دے کر دوسری شادی کر لی تھی، جس کے بعد ان کی زندگی یکسر بدل گئی۔
طلاق کے بعد تبّو نانا نانی کے ساتھ رہنے لگیں۔ ان کی والدہ ایک اسکول ٹیچر تھیں، جبکہ نانی عبادت اور مطالعے سے شغف رکھتی تھیں۔ اسی مذہبی اور تعلیمی ماحول میں ان کی پرورش ہوئی۔
اداکارہ نے بتایا کہ میرا بچپن بہت اچھا تھا۔ ہم ہمیشہ حیدرآباد میں رہے۔ میں بہت شرمیلی اور کم بولتی تھی، اور سچ یہ ہے کہ اداکارہ بننے کے بعد بھی میری فطرت میں زیادہ باتیں کرنا شامل نہیں۔
والد کا خاندانی نام کیوں استعمال نہیں کیا؟
اسی انٹرویو میں تبّو نے یہ بھی واضح کیا کہ انہوں نے کبھی اپنے والد کا سرنیم ہاشمی استعمال نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے کبھی یہ محسوس نہیں ہوا کہ مجھے اپنے والد کا سرنیم لگانے کی ضرورت ہے۔ میرا نام ہمیشہ تبسّم فاطمہ رہا، اسکول میں بھی فاطمہ ہی میرا نام تھا۔
والد سے ملاقات کی خواہش کیوں نہیں؟
تبّو نے صاف لفظوں میں کہا کہ انہیں اپنے والد سے ملنے کی کبھی خواہش نہیں ہوئی۔ مجھے ان کی کوئی یاد نہیں ہے۔ میری بہن کبھی کبھار ان سے ملی ہے، لیکن مجھے کبھی تجسس نہیں ہوا۔ میں جیسی ہوں، جیسے ماحول میں پلی بڑھی ہوں، اسی میں خوش اور مطمئن ہوں۔ میری زندگی آج مکمل طور پر سیٹل ہے۔
واضح رہے کہ 54 سالہ تبّو نے اب تک شادی نہیں کی، اور وہ اپنی پیشہ ورانہ زندگی کے ساتھ ساتھ ذاتی فیصلوں پر بھی ہمیشہ کھل کر بات کرتی آئی ہیں۔









