پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے پاکستان کے انسانی خلائی پرواز پروگرام میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ خلا نورد امیدواروں کے انتخاب کے دوسرے مرحلے کی کامیاب تکمیل کے بعد دو پاکستانی امیدواروں کو شارٹ لسٹ کر لیا گیا ہے۔
ابتدائی اسکریننگ پاکستان میں مکمل ہونے کے بعد، منتخب امیدواروں نے چین کے آسٹروناٹس سینٹر (ACC) میں سخت طبی، نفسیاتی اور صلاحیتی ٹیسٹ پاس کیے، جو بین الاقوامی انسانی خلائی پرواز کے معیارات کے مطابق تھے۔
شارٹ لسٹ ہونے والے دونوں امیدوار اب چھ ماہ کی جدید خلانورد تربیت کے لیے چین روانہ ہوں گے۔ تربیت مکمل ہونے کے بعد ان میں سے ایک امیدوار کو اکتوبر یا نومبر 2026 میں چینی خلائی اسٹیشن (CSS) پر جانے والے تاریخی مشن کے لیے منتخب کیا جائے گا۔
یہ تاریخی تعاون فروری 2025 میں پاکستان اور چین کے درمیان طے پانے والے “آسٹروناٹ کوآپریشن معاہدے“ کے تحت ممکن ہوا، جس کی قیادت وزیراعظم پاکستان نے کی۔ وزیراعظم کے وژن اور بھرپور تعاون نے پاکستان کو انسانی خلائی پرواز کے عالمی سفر میں شامل ہونے کا موقع فراہم کیا۔
یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان کے سائنسی مستقبل کے لیے سنگِ میل ہے بلکہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ چین نے پاکستان کو اپنے خلانورد پروگرام میں پہلا غیر ملکی شراکت دار منتخب کر کے دوطرفہ اعتماد اور دوستی کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔











