اہم ترین

امریکی اداکار جیمز وین ڈر بیک کا 48 سال کی عمر میں کینسر سے انتقال

مشہور امریکی ٹی وی سیریز ’ڈاسنز کریک‘ سے عالمی شہرت حاصل کرنے والے اداکار جیمز وین ڈر بیک 48 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ کچھ عرصے سے کولوریکٹل کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور اس بیماری کے خلاف جدوجہد کر رہے تھے۔

جیمز وین ڈر بیک کو 1998 سے 2003 تک نشر ہونے والی مشہور ٹین ڈراما سیریز ’ڈاسنز کریک‘ میں مرکزی کردار ڈاسن کے لیے سب سے زیادہ پہچانا جاتا ہے۔ یہ سیریز میساچوسٹس کے ایک چھوٹے سے قصبے میں رہنے والے دوستوں کے گروپ کی کہانی پر مبنی تھی۔

انہوں نے فلمیں ورسٹی بلیوز اور دی رولز آف اٹریکشن میں بھی اداکاری کی، تاہم فلمی دنیا میں وہ خود کو ڈاسنز کریک کے سائے سے مکمل طور پر الگ نہ کر سکے۔ اس کے باوجود، وہ اپنے کیریئر سے مطمئن تھے۔

اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ میں نے ہمیشہ اپنے ماضی کو کسی بوجھ کے بجائے فخر کے ساتھ قبول کیا ہے۔

جیمز وین ڈر بیک شادی شدہ تھے اور وہ 6 بچوں کے والد تھے۔ 2024 میں انہوں نے کینسر کے بارے میں عوام کو آگاہ کیا تھا۔

انہوں نے پیپل میگزین کو بتایا تھا کہ مجھے کولوریکٹل کینسر ہے اور میں نجی طور پر اس تشخیص سے نمٹ رہا ہوں۔ اپنے شاندار خاندان کے سہارے صحتیابی کے لیے قدم اٹھا رہا ہوں۔ امید ہی سب کچھ ہے اور میں خود کو بہتر محسوس کر رہا ہوں۔

جیمز وین ڈر بیک کے خاندان نے ان کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے ان کے انتقال کی تصدیق کی۔

بیان میں کہا گیا کہ ہمارے پیارے جیمز ڈیوڈ وین ڈر بیک آج صبح ہم سے رخصت ہو گئے۔ انہوں نے اپنے آخری دن ہمت، ایمان اور وقار کے ساتھ گزارے۔ ان کی زندگی، انسانیت سے محبت اور وقت کی قدر کے بارے میں کہنے کو بہت کچھ ہے، لیکن فی الحال ہم اپنے شوہر، والد، بیٹے، بھائی اور دوست کے بچھڑنے کے غم میں پرائیویسی چاہتے ہیں۔

انسٹاگرام پوسٹ کے کمنٹس میں متعدد معروف امریکی ٹی وی اسٹارز اور ہالی ووڈ اداکاروں نے جیمز وین ڈر بیک کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

سارہ مشیل گیلر نے لکھا کہ آپ کے خوبصورت خاندان کے لیے دل سے افسوس ہے۔ جیمز کی میراث ہمیشہ زندہ رہے گی، مگر یہ نقصان صرف آپ کے خاندان کا نہیں بلکہ پوری دنیا کا ہے۔ کینسر کو لعنت ہو۔

جینیفر گارنر نے کہا کہ کتنا دل توڑ دینے والا نقصان ہے۔ اس مشکل وقت میں کمبرلی اور بچوں کے لیے ڈھیر سارا پیار۔

پاکستان