اہم ترین

ہاتھ ملانے کا فیصلہ بھارتی کھلاڑیوں پر چھوڑ دیا: سلمان علی آغا

ٹی20 ورلڈ کپ کا سب سے زیادہ توجہ حاصل کرنے والا مقابلہ اتوار کو سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلا جا رہا ہے جہاں روایتی حریف پاکستان اور بھارت آمنے سامنے ہوں گے۔ اندازہ ہے کہ اس ہائی وولٹیج میچ کو دنیا بھر میں ایک ارب سے زائد شائقین دیکھیں گے، جس کے باعث اسے ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا مقابلہ قرار دیا جا رہا ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان حالیہ سیاسی اور سفارتی کشیدگی نے میچ کی حساسیت میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ یہ مقابلہ گزشتہ برس متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والے متنازع ایشیا کپ کے بعد دونوں ٹیموں کا پہلا سامنا ہے۔ اس ٹورنامنٹ کے دوران کھلاڑیوں کے درمیان سرد مہری اور میدان میں تلخی کے مناظر بھی دیکھنے میں آئے تھے، جس کے باعث ماحول خاصا کشیدہ رہا۔

میچ مقامی وقت کے مطابق شام سات بجے جبکہ عالمی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے شروع ہوگا۔ کرکٹ حلقوں میں اسے ایونٹ کا فیصلہ کن اور سب سے نمایاں مقابلہ تصور کیا جا رہا ہے۔

میچ سے قبل ہاتھ ملانے سے متعلق سوالات بھی زیر بحث رہے۔ پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے معاملے کو مخالف ٹیم کی صوابدید قرار دیا جبکہ بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے اس حوالے سے واضح مؤقف اختیار نہیں کیا۔

قبل ازیں پاکستان کی حکومت نے آئی سی سی کی جانب سے بنگلہ دیش کو ٹورنامنٹ سے باہر کرنے کے فیصلے پر احتجاجاً اس میچ کے بائیکاٹ کا عندیہ دیا تھا۔ بنگلہ دیش نے سکیورٹی خدشات کے باعث بھارت میں میچ کھیلنے سے انکار کیا تھا۔ تاہم بعد ازاں آئی سی سی سے مذاکرات کے بعد پاکستان نے شرکت کی تصدیق کر دی۔ یہ مقابلہ آئی سی سی کے لیے مالی اعتبار سے بھی نہایت اہم سمجھا جاتا ہے۔

گزشتہ ایشیا کپ میں سوریا کمار یادو اور پاکستانی کھلاڑیوں کے درمیان پیش آنے والے واقعات نے تنازع کو ہوا دی تھی۔ ٹورنامنٹ کے دوران چند کھلاڑیوں پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانے بھی عائد کیے گئے تھے۔

اعداد و شمار کے مطابق ٹی20 کرکٹ میں مجموعی طور پر بھارت کو برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیمیں اب تک 16 مرتبہ مدِ مقابل آ چکی ہیں جن میں بھارت 12 میچ جیت چکا ہے۔ ٹی20 ورلڈ کپ کے آٹھ مقابلوں میں بھی بھارت چھ بار کامیاب رہا جبکہ ایک میچ برابر ہوا۔

میچ سے قبل پاکستانی اسپنر عثمان طارق کے بولنگ ایکشن پر بھارتی میڈیا میں اعتراضات سامنے آئے، تاہم پاکستانی ٹیم مینجمنٹ کے مطابق وہ دو مرتبہ آئی سی سی سے کلیئر قرار دیے جا چکے ہیں۔

پاکستان