اہم ترین

قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ثابت قدم رہے گی: بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ثابت قدم رہے گی اور آنے والی نسلوں کو محفوظ بنائے گی۔

سانحہ اے پی ایس پشاور کی 10ویں برسی پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس سانحہ ملکی تاریخ کے تاریک ترین ابواب میں سے ایک ہے، اس نے قوم کے ضمیر کو جھنجوڑ کر رکھ دیا اور دہشتگردی کے ناسور کے خلاف متحد کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے شہید طلبہ اور اسکول عملے کے اہل خانہ کے حوصلے اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں نیشنل ایکشن پلان پر موثر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ آئندہ ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ انتہا پسندی کے بنیادی اسباب کو تعلیم، معاشی مواقع اور سماجی ہم آہنگی کے ذریعے حل کرنا ہوگا، دہشتگردی کے خاتمے اور ملک بھر میں رواداری، تعلیم اور امن کو فروغ دینے کے لیے پیپلز پارٹی پرعزم ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آئیے آج اِس افسوسناک دن کی برسی پر دہشتگردی سے پاک پاکستان کے لیئے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا عہد کریں: ایک ایسا پاکستان جہاں ہر بچہ بلاخوف و خطر خواب دیکھ سکے اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکے۔

پاکستان