وفاقی وزارتِ مذہبی امور نے حتمی حج پیکیج کا اعلان کر دیا ہے ۔ جس کے مطابق روایتی 40 روزہ حج پیکج کی لاگت 10 لاکھ 75 ہزار اور شارٹ حج پیکج کے لئے 11 لاکھ پچاس ہزار روپے ادا کرنے ہوں گے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج 2025 کے لیے طے پانے والے معاہدے کے تحت ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی شہری رواں سال فریضہ حج ادا کرسکیں گے۔
لاگت میں بے انتہا اضافے کے باعث سرکاری حج کوٹے پر عازمین نے مطلوبہ تعداد سے بھی کم درخواتستیں جمع کرائیں ۔ جس کے باعث دوسری مرتبہ بھی حج درخواستیں جمع کرانے کا اعلان کیا گیا۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری حج اسکیم میں محدود تعداد میں نشستیں باقی ہیں، نئی درخواستوں کی وصولی (تیسری مرتبہ) پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر 30 جنوری تک ممکن ہوں گی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ شارٹ حج پیکیج کی بکنگ مکمل ہوگئی ہے اور خالی نشستوں پر صرف لانگ حج پیکیج کی بکنگ ہو گی جب کہ پرائیویٹ عازمینِ حج کی بکنگ اکتیس جنوری تک جاری رہے گی۔
وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ لانگ حج پیکج کی حتمی قیمت 10 لاکھ 75 ہزار مقرر کی گئی ہے جبکہ شارٹ حج پیکج 11 لاکھ 50 ہزار روپے کا ہوگا۔ حج واجبات کی تیسری قسط یکم تا 10 فروری کو وصول کی جائے گی۔