اہم ترین

کسی کو شکایت ہے تو ہم سے بات کرے کسی اور کو چغلی نہ کرے: بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر کسی کو کوئی شکایت ہے جو براہ راست ہم سے بات کرے کہ فلاں افسر نے اس وقت ہم سے یہ بات کی۔ کسی اور سے چغلی نہ کرے۔

کراچی میں تاجروں کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک میں کوئی شعبہ ایسا نہیں جس سے میرا رابطہ نہ ہوتا ہو۔ لیکن کراچی کی تاجر برادری سے میرا رابطہ کم رہا ہے۔ مسائل کا حل نکالنے کی ذمے داری ہماری ہے ۔ ہم مسائل کی موجودگی کا اعتراف کرتے ہیں اور قبول کرتے ہیں کہ کئی مسائل حل طلب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2008 سے پہلے بھی کراچی کی ایک تاریخ رہی ہے۔ اگر آپ سے (تاجروں) سے بھتہ نہیں لیا جارہا۔ کوئی سیاسی جماعت آپ کے مزدوروں کو زبردستی جلسوں میں نہیں لے جاتی تو اس کا تھوڑا سا کریڈٹ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کو بھی جاتا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ میں نے کبھی بھی کسی سے نا تو چندہ مانگا ہے نہ ہی بھتہ۔ میرا سیدھا سا مدعا ہے کہ میرے بارے میں کوئی شکایت ہے تو سیدھی طرح بتائیں، میں کیوں چاہوں گا کہ میرے نام پر یا ہماری حکومت کے نام پر لوگ آپ کو تنگ کریں، جو بھی مسئلہ ہو، آپ کھل کر بتائیں، نام لیں کہ فلاں افسر یا شخص آیا اس وقت آیا تھا اور اس نے یہ مطالبہ کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ کا کوئی ایسا ایسا علاقہ نہیں جہاں لوڈ شیڈنگ نہ ہوتی ہو۔ اسلام آباد میں وزیرِ اعظم اور بیوروکریٹس ڈھٹائی سے کہتے ہیں کہ لوڈشیڈنگ ختم کی، توانائی کے حوالے سے سندھ میں سب سے زیادہ پوٹینشنل موجود ہے۔ ہمارا بجلی کے حوالے سے وفاق سے اعتماد ہی ختم ہو چکا ہے۔سعودی عرب میں جتنا تیل ہے ہمارے پاس اتنا کوئلہ ہے۔ ۔ ہم نے بجلی کے حوالے سے اپنا خود انتظام کیا ہے، ہم اپنی بجلی پیدا کرنے کے ساتھ اسے تقسیم بھی کر سکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی آبادی ہر ہفتہ 5 ہزار افراد کی آبادی بڑھ جاتی ہے، اس شہر کو پانی فراہم کرنا ایک امتحان ہے، آپ کو یہ بھی معلوم ہونا چاہیے کہ جیسے آپ کو گیس کا حق نہیں دیا جارہا، اسی طرح طویل عرصے سے آپ کو پانی بھی نہیں دیا جاتا، جب سے آبی معاہدہ ہوا ہے، تب سے آج تک سندھ کو پانی کا مکمل شیئر نہیں ملا، صرف سیلاب کے دوران ہمیں پانی ملتا ہے۔

پاکستان