مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ این ایف سی ایوارڈ بھیک نہیں بلکہ حق ہے۔ گلگت بلتستان اور (پاکستان کے زیر انتظام) کشمیر کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت فنڈز دیے جانے چاہئیں۔یہ بات انھوں نے لاہور میں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور گلگت بلتستان کے پارٹی رہنماؤں سے خطاب میں کہی۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ ’وزیراعظم سے کہوں گا کہ جی بی ،آزاد کشمیر کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت فنڈز دیے جائیں۔‘
پاکستان زیر انتظام کشمیر میں انتخابات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ انتخابی ٹکٹوں کی تقسیم کے لیے میرٹ کا نفاذ بہت ضروری ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیرمیں آئندہ سال جولائی میں عام انتخابات ہونے ہیں۔
نواز شریف کا دعویٰ تھا کہ ’پاکستان کے قومی الیکشن ہوں یا کسی صوبے کے ہم نے میرٹ پر کبھی سمجھوتا نہیں کیا، پرانے ساتھیوں کو میرٹ پرٹکٹ دیا جائے۔‘
نواز شریف نے کہا کہ ’ہم نے صوبوں میں جو سرمایہ کاری کی ہے اس کے مقابلے میں این ایف سی ایوارڈ بھی پیچھے رہ جائے گا۔‘
صوبہ پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بار کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ ’ستھرا پنجاب منصوبے نے پنجاب کو ترقی یافتہ صوبہ بنا دیا ہے، پنجاب میں امن و امان کا معاملہ بھی بہت بہتر ہے، پنجاب بھر میں ہسپتالوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔‘











