چین نے گاڑیوں کی حفاظت سے متعلق ایک بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 2027 سے ملک میں فروخت ہونے والی تمام گاڑیوں میں خفیہ یا فلش ڈور ہینڈلز پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔ یہ سادہ اور ایروڈائنامک ڈیزائن خاص طور پر ٹیسلا نے متعارف کرایا تھا، تاہم حالیہ حادثات کے بعد انہیں غیر محفوظ قرار دیا جا رہا ہے۔
چین کی وزارتِ صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مطابق نئے قوانین کے تحت گاڑیوں کے تمام دروازوں (سوائے ٹیل گیٹ) میں اندرونی اور بیرونی مکینیکل ڈور ہینڈلز لازمی ہوں گے تاکہ حادثے کی صورت میں دروازے باآسانی کھولے جا سکیں۔ پہلے سے منظور شدہ ماڈلز کو ان قوانین پر عمل کے لیے دو سال کی اضافی مہلت دی جائے گی۔
حکام کے مطابق جدید الیکٹرک گاڑیوں میں استعمال ہونے والے خودکار اور جسم میں چھپ جانے والے ہینڈلز تصادم کے وقت اکثر کام نہیں کرتے، جس سے جان بچانے میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔ اکتوبر میں چین کے شہر چینگدو میں ایک حادثے کے دوران ریسکیو اہلکار جلتی ہوئی الیکٹرک گاڑی کے دروازے نہ کھول سکے، جس کے نتیجے میں ڈرائیور ہلاک ہو گیا۔
چین دنیا کی سب سے بڑی الیکٹرک وہیکل مارکیٹ ہے، جہاں درجنوں مقامی کمپنیاں عالمی سطح پر تیزی سے پھیل رہی ہیں۔ حالیہ اعداد و شمار کے مطابق چینی کمپنی بی وائے ڈی نے پہلی بار سالانہ فروخت میں ٹیسلا کو پیچھے چھوڑ دیا۔









