بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار آر مادھون نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے 2011 میں فلمی دنیا سے چار سال کا وقفہ اس لیے لیا کیونکہ وہ اپنے کیے گئے کام سے مطمئن نہیں تھے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں مادھون نے بتایا کہ اداکاری وقفے نے نہ صرف ان کی سوچ بدل دی بلکہ انہیں ایک نئے فنکار کے طور پر خود کو دریافت کرنے کا موقع بھی دیا۔
مادھون کے مطابق وہ ایسے کردار ادا کر رہے تھے جو صرف ناظرین کو متاثر کرنے کے لیے تھے، جبکہ ان کی اصل صلاحیتیں اسکرین پر نظر ہی نہیں آ رہی تھیں۔
انہوں نے سوئٹزرلینڈ میں ایک گانے کی شوٹنگ کا واقعہ سناتے ہوئے کہا کہ رنگ برنگے کپڑوں میں شوٹنگ کے دوران ایک مقامی کسان کی طنزیہ نظروں نے انہیں یہ سوچنے پر مجبور کر دیا کہ وہ دراصل کیا کر رہے ہیں۔
اداکار نے اعتراف کیا کہ وہ ایک اچھے مقرر ہیں، گھڑ سواری، ریموٹ جہاز اُڑانا اور دیگر کئی مہارتیں رکھتے ہیں، مگر فلموں میں وہ سب کچھ نظر انداز ہو رہا تھا۔ اسی احساس کے بعد انہوں نے اداکاری اور اشتہاری فلموں سے مکمل بریک لے لیا، داڑھی بڑھائی، ملک بھر کا سفر کیا اور عام لوگوں، خاص طور پر رکشہ ڈرائیورز سے بات کر کے ان کی زندگی اور مسائل کو سمجھنے کی کوشش کی۔
چار سال بعد 2016 میں فلم ’سالا کھڑوس‘ سے شاندار واپسی کرنے والے مادھون کا کہنا ہے کہ اس وقفے کے دوران حاصل ہونے والی سمجھ بوجھ ہی آج ان کے کام میں گہرائی اور سچائی لے کر آئی ہے۔









