بھارتی اداکارہ اور گلوکارہ شہنّاز گل ایک بار پھر اپنے ایک بیان کی وجہ سے سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آ گئی ہیں۔ رشتوں میں بے وفائی سے متعلق ان کا ایک پرانا پوڈکاسٹ انٹرویو ان دنوں دوبارہ وائرل ہو رہا ہے، جس نے آن لائن ایک نئی بحث کو جنم دے دیا ہے۔
تقریباً تین ماہ قبل مرچی پنجابی نامی پوڈکاسٹ میں شہنّاز گل جدید دور کے رشتوں پر گفتگو کر رہی تھیں۔ اسی دوران انہوں نے بے وفائی (چیٹنگ) کے موضوع پر کچھ ایسے خیالات کا اظہار کیا، جنہیں کئی سوشل میڈیا صارفین نے غلط، غیر ذمہ دارانہ اور نقصان دہ قرار دیا۔
انٹرویو میں شہنّاز گل نے کہا تھا کہ اگر کوئی شخص رشتے میں ہوتے ہوئے باہر کسی اور کے ساتھ تعلق رکھنا چاہتا ہے تو اسے کرنے دیا جائے۔ ایک دن اس شخص کو خود احساس ہوگا کہ اس نے غلط کیا، کیونکہ ہر انسان کے اندر ایک دل ہوتا ہے اور ضمیر اسے آخرکار ملامت کرتا ہے۔
شہنّاز کے ان الفاظ کو سوشل میڈیا کے ایک بڑے طبقے نے بے وفائی کو نارمل یا رومانوی بنانے کی کوشش قرار دیا۔ کئی صارفین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے بیانات رشتوں کی سنجیدگی کو نقصان پہنچاتے ہیں اور غلط رویوں کو جواز فراہم کرتے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ یہ وہی خاتون ہیں جنہوں نے پہلے کہا تھا کہ خواتین کا سگریٹ پینا طلاق کی وجہ بنتا ہے، اور اب بے وفائی کو درست ثابت کر رہی ہیں۔
جبکہ ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ 2026 میں بھی اگر کوئی بے وفائی کو نارمل بنانے کی بات کرے تو یہ واقعی افسوسناک ہے۔
کچھ صارفین نے تو سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے شہنّاز گل کو غیر سنجیدہ اور غیر ذمہ دار بھی قرار دیا۔ تاہم ان کے مداحوں کا ایک طبقہ یہ مؤقف بھی رکھتا ہے کہ ان کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جا رہا ہے۔











