ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایپل ہمیشہ اپنی باریک بینی اور منفرد حکمتِ عملی کی وجہ سے پہچانا جاتا ہے، لیکن بہت کم لوگ اس بات پر غور کرتے ہیں کہ ایپل کے آئی فون، آئی پیڈ اور میک بک کے اشتہارات میں اسکرین پر ہمیشہ 9:41 اے ایم کا وقت کیوں دکھایا جاتا ہے؟ اس کے پیچھے ایک یادگار تاریخی لمحہ چھپا ہوا ہے۔
درحقیقت 9 جنوری 2007 کو سان فرانسسکو میں ایپل کے شریک بانی اسٹیو جابز نے دنیا کے پہلے آئی فون کی نقاب کشائی کی تھی۔ اسٹیو جابز نے اس لانچ ایونٹ کی پلاننگ اس انداز میں کی تھی کہ جب آئی فون اسٹیج پر پیش کیا جائے، تو ہال میں موجود لوگوں کی گھڑیوں میں دکھنے والا وقت اور آئی فون کی اسکرین پر دکھایا گیا وقت ایک جیسا ہو۔
کیسے منتخب ہوا 9:41 ؟
ابتدا میں ایپل کے اشتہارات میں اسکرین پر 9:42 اے ایم کا وقت دکھایا جاتا تھا، کیونکہ لانچ ایونٹس عام طور پر پریزنٹیشن کے آغاز کے 40 سے 42 منٹ بعد اپنے عروج پر پہنچتے تھے۔
تاہم 2010 میں آئی پیڈ کے لانچ کے دوران ایپل نے اس وقت کو مزید درست کرتے ہوئے 9:41 اے ایم کر دیا، اور تب سے یہی وقت ایپل کی پہچان بن گیا۔
ایپل کی برانڈنگ بن گیا 9:41
آج 9:41 محض ایک وقت نہیں بلکہ ایپل کی تاریخ، اسٹیو جابز کی دور اندیشی اور برانڈ کی نفسیات کی علامت بن چکا ہے۔ یہ وقت دنیا کو یاد دلاتا ہے کہ اسی لمحے کے بعد موبائل فون کا مطلب ہمیشہ کے لیے بدل گیا۔
ایپل واچ پر مختلف وقت کیوں؟
دلچسپ بات یہ ہے کہ جہاں آئی فون، آئی پیڈ اور میک بک پر 9:41 دکھایا جاتا ہے، وہیں ایپل واچ پر 10:09 اے ایم کا وقت نظر آتا ہے۔
وجہ یہ ہے کہ روایتی گھڑیوں کی صنعت میں گھڑیوں کو عموماً 10:10 پر سیٹ کر کے دکھایا جاتا ہے تاکہ برانڈ واضح نظر آئے۔ ایپل نے اسی روایت کو اپناتے ہوئے اپنی اسمارٹ واچ میں 10:09 کا وقت رکھا، تاکہ روایت سے جڑا بھی رہے اور ایک قدم آگے بھی دکھائی دے۔











