اہم ترین

دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے: صدر زرداری

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سوگوار لمحات میں پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی پر عالمی برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امن، استحکام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر جدوجہد جاری رکھے گا۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سوگوار لمحات میں پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی پر عالمی برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی رہنماؤں، حکومتوں اور بین الاقوامی اداروں کی حمایت نے پاکستانی قوم کو حوصلہ اور تسلی دی ہے۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ تعزیت اور یکجہتی کے پیغامات نے نہ صرف عوام کو سہارا دیا بلکہ دہشت گردی سے متاثرہ خاندانوں کے حوصلے بھی بلند کیے۔ انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردی اور اس کے پیچھے کارفرما پرتشدد نظریات کے خلاف جدوجہد ایک مشترکہ عالمی ذمہ داری ہے اور کوئی بھی ملک تنہا اس خطرے کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کا تجربہ واضح کرتا ہے کہ جب دہشت گرد عناصر کو سرحدوں سے باہر پناہ، سہولت یا استثنا ملتا ہے تو اس کے نتائج پوری دنیا کے بے گناہ شہری بھگتتے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بعض ہمسایہ ممالک نے پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین سے دہشت گردوں کو کارروائیوں کی اجازت دے کر جرم میں شراکت کی، جبکہ کچھ عناصر کو مالی، تکنیکی اور عسکری معاونت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

صدرِ مملکت نے افغانستان کی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طالبان حکومت نے ایسے حالات پیدا کر دیے ہیں جو نائن الیون سے قبل کے دور جیسے یا اس سے بھی بدتر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد تنظیمیں عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ بن چکی تھیں، جن کا انجام نائن الیون کی صورت میں سامنے آیا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان کا مشرقی ہمسایہ طالبان حکومت کی معاونت کر رہا ہے، جو نہ صرف پاکستان بلکہ خطے اور عالمی امن کے لیے بھی خطرناک ہے۔

صدرِ مملکت نے ایک بار پھر عالمی برادری کی ہمدردی اور حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی یکجہتی دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان امن، استحکام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر جدوجہد جاری رکھے گا۔

پاکستان