اہم ترین

زندگی میں والد سے صرف 3 بار ملی ہوں : جویریہ عباسی

اداکارہ جویریہ عباسی کہتی ہیں کہ میں خود ایک ٹوٹے ہوئے خاندان سے تعلق رکھتی ہوں اور اپنی زندگی میں والد سے صرف 3 بار ملی ہوں، کم عمری میں شادی کے بعد میری اپنی زندگی شروع ہو گئی اور پھر ملاقات کا سلسلہ نہ بن سکا۔

ایک انٹریو میں اداکارہ جویریہ عباسی نے کہا کہ انہوں نے کم عمری میں اپنی مرضی سے شادی کا فیصلہ کیا تھا اور آج بھی اس فیصلے پر انہیں کسی قسم کا کوئی پچھتاوا نہیں۔ ان کے مطابق وہ اس وقت شدت سے اپنے سابق شوہر شمعون عباسی سے محبت کرتی تھیں۔ اسی لیے نہ تو شادی پر افسوس ہے اور نہ ہی طلاق کے فیصلے پر۔

جویریہ عباسی کا کہنا تھا کہ شادی سے انہیں زندگی کا سب سے خوبصورت تحفہ، ایک بیٹی ملی، جو ان کی زندگی کا مرکز ہے۔ وہ اداکاری کے شعبے میں آنا چاہتی تھیں۔ والدین نے انہیں یہ آزادی دی تھی کہ شادی کے بعد وہ دونوں مل کر اپنے فیصلے خود کریں، جس کے بعد انہوں نے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا۔

اداکارہ نے سنگل مدر ہونے کو معاشرے کا ایک بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاشرے میں اکیلی ماں کے کردار پر اکثر سوالات اٹھائے جاتے ہیں۔ وہ اپنی بیٹی کو صرف اپنی اولاد نہیں بلکہ ایک آزاد اور خودمختار انسان کے طور پر دیکھتی ہیں۔ ان کے مطابق انہوں نے بیٹی کی زندگی میں ماں اور باپ دونوں کا کردار ادا کیا اور اس کی تعلیم، روزمرہ معمولات اور دیگر سرگرمیوں پر بھرپور توجہ دی۔

پاکستان