اہم ترین

راج پال یادو کو 6 ماہ قید: جیل روانگی سے قبل جذباتی بیان

بالی وڈ کے معروف اداکار اور کامیڈین راج پال یادو کو ایک پرانے چیک باؤنس کیس میں جیل جانا پڑ گیا۔ یہ کیس 2010 سے زیرِ سماعت تھا، جس میں تمام قانونی راستے اختیار کرنے کے باوجود اب انہیں چھ ماہ قید کی سزا کا سامنا کرنا ہوگا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جیل جانے سے قبل راجپال یادو شدید جذباتی ہو گئے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس اب پیسے نہیں بچے اور انہیں کوئی اور قانونی راستہ دکھائی نہیں دے رہا۔ اس مشکل گھڑی میں ہر انسان اکیلا ہوتا ہے اور انہیں خود ہی اس آزمائش سے گزرنا ہوگا۔

یہ معاملہ اس وقت شروع ہوا جب راجپال یادو نے اپنی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’اتا پتا لاپتا‘ کے لیے 5 کروڑ روپے کا قرض لیا تھا۔ فلم باکس آفس پر ناکام رہی، جس کے باعث اداکار شدید مالی بحران کا شکار ہو گئے اور قرض کی واپسی ممکن نہ رہی۔ اس دوران جاری کیے گئے کئی چیک باؤنس ہو گئے، جس پر قرض دہندہ کمپنی نے قانونی کارروائی شروع کر دی۔

سال 2018 میں مجسٹریٹ کورٹ نے راجپال یادو اور ان کی اہلیہ کو چیک باؤنس قانون (دفعہ 138) کے تحت مجرم قرار دیتے ہوئے چھ ماہ قید کی سزا سنائی تھی۔ اس فیصلے کے خلاف اداکار نے اپیل دائر کی اور مختلف مواقع پر عدالت سے ریلیف مانگا۔

راجپال یادو نے اس دوران کچھ ادائیگیاں بھی کیں، جن میں 2025 میں 75 لاکھ روپے کی جمع کرائی گئی رقم شامل ہے، تاہم مکمل واجب الادا رقم بروقت ادا نہ ہو سکی، جو سود اور جرمانے کے باعث بڑھ کر تقریباً 9 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔

تمام قانونی مہلتیں ختم ہونے کے بعد عدالت نے سزا پر عمل درآمد کا حکم دیا، جس کے تحت راجپال یادو کو تہاڑ جیل بھیج دیا گیا۔

پاکستان