اہم ترین

گزشتہ 5 برسوں میں مسلح افواج کے 3141 جوان اور افسر شہید ہوئے: خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ہماری فوج نے گزشتہ پانچ برس کے دوران 3141شہادتیں دی ہیں۔۔ہم سیاستدان گرے ایریاز میں رہ رہے ہوتے ہیں ۔۔ ہم پارٹیاں بدلتے ہیں لیکن ان شہیدوں نے کبھی پارٹیاں نہیں بدلیں۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواجِ پاکستان کی قربانیوں کے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ 2021 سے فروری 2026 تک پاک فوج نے مجموعی طور پر 3141 شہادتیں دی ہیں، جن میں 170 افسران، 212 جے سی اوز اور 2759 جوان شامل ہیں۔

خواجہ آصف کے مطابق شہداء میں آزاد جموں و کشمیر سے سب سے زیادہ 2034، پنجاب سے 1657، خیبر پختونخوا سے 534، سندھ سے 452، گلگت بلتستان سے 161 جبکہ بلوچستان سے 103 شہادتیں ہوئیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ دہشت گردی کی اس جنگ میں ہم روزانہ نقصان اٹھا رہے ہیں جبکہ بلوچستان میں 200 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میں ان کا احترام کرتا ہوں مگر یہ کہنا کہ پاک فوج چار ضلعوں کی فوج ہے، انتہائی غیر ذمہ دارانہ بات ہے۔ ہر ذی شعور انسان جانتا ہے کہ پاکستان کی فوج کا تشخص قومی ہے اور یہ کسی صوبے یا علاقے کی نہیں بلکہ پوری قوم کی فوج ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ اسلام میں خون خرابے کی اجازت نہیں، ہمارے فوجیوں کی گردنیں تن سے جدا کی جاتی ہیں مگر وہ اپنے خون سے اپنے حلف کی تائید کرتے ہیں۔ ہم سیاستدان پارٹیاں بدل لیتے ہیں، گرے ایریاز میں رہتے ہیں، مگر ان شہیدوں نے کبھی وفاداریاں نہیں بدلیں۔

پاکستان