نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلی گئی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے کیویز کو 9 رنز سے ہرا کر سیریز 2-2 سے برابر کر دی۔
لاہور کے قذافی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی اور پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 179 رنز کا ہدف دیا تھا جو کیوی ٹیم حاصل نہ کر سکی۔
پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ اس وقت گر گئی جب صائم ایوب صرف ایک رن بنا کر ولیم او رورکی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ پاکستان کو دوسرا نقصان عثمان خان کی وکٹ کا ہوا جو 31 رنز بنانے کے بعد اش سوڈھی کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔
کپتان بابر اعظم نے 69 رنز کی اچھی اننگز کھیلی۔ افتخار احمد زیادہ دیر وکٹ پر قدم نہ جما سکے اور چھ رنز سکور کرنے کے بعد جیمز نیشم گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ فخر زمان 43 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ شاداب خان نے 15 رنز بنائے۔
زیک فولکس، ولیم او رورکے، بین سیئرس، جمی نیشم اور اور اش سودھی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
نیوزی لینڈ نے 179 رنز کے تعاقب میں اننگز کا آغاز کیا تو اس کو پہلا نقصان ٹام بلنڈل کی وکٹ کی صورت میں ہوا جو صرف چار رنز ہی بنا سکے، ٹم سیفرٹ 52 رنز اور مارک چیپمین 12 رنز کے انفرادی اسکور پر اسامہ میر کا شکار بنے۔ کپتان مائیکل بریسول 23 رنز بنانے کے بعد شاداب خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
کول میک کونچی ابھی کریز پر قدم جما بھی نہ سکے تھے کہ صرف ایک رن بنا کر عماد وسیم کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ ان کے بعد جیمز نیشم 16 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ذاکارے فولکس کوئی رن بنائے بغیر ہی شاہین شاہ کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔اش سوڈھی بھی تین رنز بنانے کے بعد شاہین آفریدی کا شکار بنے۔
شاہین شاہ آفریدی نے چار اوورز میں 30 رنز دے کر چار کیوی بیٹرز کو پویلین بھیجا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔











