پاکستان میں آئندہ برس شیڈول چیمپئنز ٹرافی کی راہ میں بھارتی ہٹ دھرمی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔ جس کی وجہ سے آج آئی سی سی کا بورڈ اجلاس ایک مرتبہ پھر ملتوی ہوگیا ہے۔
پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے میچز کا انعقاد نیوٹرل مقام پر کرانے کی مشروط رضامندی ظاہر کی ہے اور اس کے ساتھ ہی یہ شرط بھی عائد کی ہے کہ آئندہ 3 برسوں کے دوران بھارت میں آئی سی سی کے جتنے ایونٹس ہونے ہیں ان سب میں پاکستان بھی نیوٹرل گراؤنڈز میں اپنے میچز کھیلے گا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کو یہ شرط ہضم نہیں ہورہی۔ اس لئے بی سی سی آئی اب تک آئی سی سی کو اس حوالے سے کوئی تحرییر جواب نہیں دیا۔ جس کی وجہ سے ہفتے کے روز ہونے والا اجلاس بھی غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا گیا ہے۔
دوسری طرف لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے آج اجلاس تھا جو ملتوی ہوگیا، جیسے ہی چیزیں حتمی طور پر طے ہوجائیں گی سب بتادیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ قبل از وقت شرائط کے حوالے سے اس وقت کوئی بات نہیں کروں گا، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اجلاس میں فیصلوں کی منظوری کے بعد ہی حتمی بات کی جائے گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ ہم پاکستان اور بین الاقوامی کرکٹ کے لیے بہتر کرنے کی کوشش کررہے ہیں قوم کو مایوس نہیں کریں گے، سب بہتر ہوگا، آنے والے دنوں میں قوم کی توقعات سے بڑھ کر فیصلے ہوں گے۔











