اہم ترین

مسلم لیگ (ن) سمجھتی ہے ان کے پاس اکثریت ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں: بلاول

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) سمجھتی ہے ان کے پاس دو تہائی اکثریت ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں ، ان کے پاس اتنی اکثریت نہیں کہ وہ یکطرفہ اور متنازع فیصلے کریں۔

لاڑکانہ کے علاقے رتوڈیرو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی اولین ترجیح عوام کے مسائل کا حل ہے، مسائل جتنے بھی ہوں، کم وسائل میں بھی محنت کر کے عوام کی مشکلات کا حل نکالنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے مسلم لیگ ن کا حکومت سازی میں اس حد تک ساتھ دیا کہ وزیراعظم کو ووٹ دیا۔ ہم نے طے کیا تھا کہ صوبوں کو ان کا حق ملنا چاہیے، ہم سے وعدہ کیا گیا کہ سندھ، بلوچستان اور وفاق کی سطح پر ترقیاتی منصوبوں میں پاکستان پیپلزپارٹی کی رائے بھی لے جائے گی اور ان کو فنڈنگ بھی دی جائے گی۔اس پر صحیح طریقے سے عملدرآمد نہیں ہورہا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پالیسی سازی کا معاملہ ہو یا قانون سازی ۔ حکومت کے خیال میں شاید ان کے پاس دو تہائی اکثریت ہے، اور ان کو کسی سے پوچھنے کی ضرورت نہیں لیکن زمینی حقائق اس سے مختلف ہے۔پارلیمان میں ان کی پوزیشن ایسی نہیں جو 90 کی دہائی میں ان کے پاس تھی۔

انہوں نے کہا کہ مل بیٹھ کر سب کے نکتہ نظر کو سمجھنے کے بعد اگر کوئی منصوبہ بنایا جائے گا تو وہ کامیاب ہو گا ۔ ملک میں معاشی طور پر بہتری اور مہنگائی میں کمی آئی ہے، ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں، اگر معاشی بہتری آرہی ہے تو ہماری جماعت چاہے گی کہ اس بہتری کو اب عوام تک پہنچایا جائے۔

پاکستان