پاکستان کے ابھرتے کرکٹر صائم ایوب پیر میں فریکچر کے باعث مزید 10 ہفتے کھیل سے دور رہیں گے۔
صائم ایوب کو 3 جنوری کو جنوبی افریقا کے خلاف میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے ٹخنے کی انجری ہوئی تھی۔
چیئرمین پی سی بی کی خصوصی ہدایت پر انہیں فوری طور پر لندن منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
انجری کے وقت معالجین کی جانب سے سے کہا گیا تھا کہ وہ 6 ہفتوں میں فٹ ہوجائیں گے ۔ اسی وجہ سے پی سی بی نے چیمپئینز ٹرافی کے لئے قومی اسکواڈ کا اعلان بھی تاخیر سے کیا۔
تاہم اب پی سی بی نے صائم ایوب کی فٹنس کے حوالے سے نیا بیان جاری کیا ہے ۔ جس میں کہا گیا ہے کہ صائم ایوب 10 ہفتوں کے لیے کرکٹ سے باہر رہیں گے۔
کرکٹ بورڈ کے مطابق صائم ایوب پہلے سے بہتر محسوس کر رہے ہیں۔ ایم آر آئی اسکین، ایکسریز اور میڈیکل رپورٹس کے بعد انہیں 10 ہفتوں تک آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔صائم ایوب بدستور اپنا ری ہیب انگلینڈ میں جاری رکھیں گے۔
علاج میں طوالت کے بعد اب صائم ایوب کی چیمپئنز ٹرافی کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں شرکت بھی مشکوک ہوگئی ہے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان وائٹ بال سیریز 16 مارچ سے 5 اپریل تک کھیلی جائے گی۔ صائم ایوب کی دورۂ نیوزی لینڈ کے لیے شرکت ان کی فٹنس سے مشروط ہوگی۔











