پاکستان نے ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کے اقدامات سے خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران پر امریکی حملے بین الاقوامی قانون کے تمام اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کا جائز حق حاصل ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کے خلاف جاری جارحیت کی وجہ سے کشیدگی اور تشدد میں ہولناک اضافہ انتہائی پریشان کن ہے۔ کشیدگی میں مزید اضافہ خطے اور اس سے آگے کے لیے شدید نقصان دہ نتائج کا حامل ہوگا۔
دفتر خارجہ نے ایران میں بے گناہ شہریوں کی شہادت املاک کی تباہی روکنے کے اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس تنازعے کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہیں۔ تمام فریقین کو بین الاقوامی قانون، خاص طور پر بین الاقوامی انسانی قانون کی پاسداری کرنی چاہیے۔ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق بات چیت اور سفارتکاری کا راستہ ہی اس خطے میں بحرانوں کے حل کے لیے واحد قابل عمل راستہ ہے۔
دوسری جانب ایران پر اسرائیلی جارحیت پر استنبول میں او آئی سی اجلاس سے خطاب کے دوران نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان، ایران کے دفاع کے حق کی مکمل حمایت کرتا ہے۔