وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے ایران اسرائیل جنگ بند ہوگئی، ایرانی قوم نے بڑی جرات و بہادری کا مظاہرہ کیا، وہ جھکے نہیں اور نہ دباؤ قبول کیا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ بجٹ منظوری کے بعد ہم یکم جولائی سے معیشت کو بہتر بنانے کی کوششوں میں جت جائیں گے۔ کل سے محرم کے ماہ مقدس کا آغاز ہوجائے گا، اس میں ناصرف وفاق بلکہ چاروں صوبوں کو امن و امان قائم رکھنے کے لیے بھرپور کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ کا فضل و کرم ہے کہ اسرائیل، ایران کی جنگ بند ہوگئی ہے، تاریخ میں پہلی مرتبہ ایران نے پاکستان، اس کی سیاسی و عسکری قیادت، سیاسی جماعتوں اور عوام کا جس کھلے انداز میں کھلے انداز میں شکریہ ادا کیا، اس کی عصر حاضر میں کوئی نذیر نہیں ملتی۔انہوں نے صدر آصف زرداری، میرا، فیلڈ مارشل عاصم منیر، سیاسی جماعتوں اور عوام کا نام لے کر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے ایرانی عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بڑی جرات و بہادری کا مظاہرہ کیا، جھکے نہیں، نہ دباؤ قبول کیا اور جنگ باوقار طریقے سے ختم کی۔











