ٹی 20 اور ون ڈے کے بعد اب آئی سی سی نے ٹیسٹ میں بھی اسٹاپ کلاک اصول نافذ کرنے اسے نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کرکٹ کے کئی اصولوں میں بڑی تبدیلی کر دی ہے، جسے 2 جولائی سے انٹرنیشنل کرکٹ میں نافذ کر دیا جائے گا۔ ان تبدیلیوں میں 35ویں اوور سے صرف ایک گیند کے استعمال کا اصول تو شامل ہے ہی، ساتھ ہی آئی سی سی نے ٹیسٹ میں اسٹاپ کلاک اصول بھی نافذ کر دیا ہے۔ یہی نہیں اگر کوئی کیچ واضح نہیں ہے اور کھلاڑی اس کے باوجود بلے باز کے آؤٹ ہونے کا دعویٰ کرتا ہے تو اسے نو بال قرار دیا جائے گا۔ آئیے ذیل میں آئی سی سی کی جانب سے کی گئی بڑی تبدیلیوں کے بارے میں جانتے ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ میں اسٹاپ کلاک
ٹی 20 اور ون ڈے کرکٹ میں اسٹاپ کلاک اصول نافذ کرنے کے ایک سال بعد اب آئی سی سی نے ٹیسٹ میں بھی اسے نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں سلو اوور ریٹ ایک بہت بڑا مسئلہ ہے۔ اب آئی سی سی کے نئے اصول کے مطابق فیلڈنگ ٹیم کو 2 اوور کے درمیان صرف 1 منٹ کا وقفہ ملے گا۔ اگر وہ اس اصول پر عمل نہیں کرتے ہیں تو امپائر سے انہیں 2 وارننگ ملیں گی۔ اس کے بعد اگر ایسا ہوا تو ہر بار 5 رن کا جرمانہ (پنالٹی) عائد کیا جائے گا۔ 80 اوور کے بعد وارننگ دوبارہ ریسیٹ ہو جائیں گی۔ یہ اصول صرف 27-2025 ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ میں نافذ ہوگا۔
شارٹ رن پر بڑا جرمانہ
آئی سی سی نے شارٹ رن کے معاملے پر بھی بڑا فیصلہ لیا ہے۔ اس سے قبل جان بوجھ کر شارٹ رن لینے پر 5 رن کا جرمانہ عائد کیا جاتا تھا، لیکن نئے اصول کے مطابق اگر بلے باز اضافی رن چرانے کے لیے جان بوجھ کر رن مکمل نہیں کرتا ہے تو امپائر فیلڈنگ ٹیم سے پوچھے گا کہ وہ کس بلے باز کو اسٹرائیک پر لینا چاہتے ہیں۔ اس کے علاوہ شارٹ رن لینے والے بلے باز کی ٹیم پر 5 رن کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ حالانکہ یہ سب تبھی ہوگا جب امپائر کو لگا ہو کہ بلے باز کا ارادہ امپائر کو دھوکہ دینے یا رن بنانے کا نہیں تھا۔
تھوک لگانے پر نہیں بدلی جائے گی گیند
آئی سی سی نے گیند پر تھوک لگانے پر پابندی تو پہلے سے لگائی ہوئی ہے، لیکن اس میں بڑی تبدیلی یہ ہوئی ہے کہ اگر امپائر کسی گیند پر تھوک پاتے ہیں تو اسے فوراً نہیں بدلا جائے گا۔ یہ تبدیلی اس لیے کی گئی ہے کہ ٹیمیں گیند بدلنے کے لیے جان بوجھ کر تھوک کا استعمال نہ کریں۔ اب امپائر گیند اسی وقت تبدیل کریں گے جب اس کی حالت میں کوئی خاص تبدیلی ہو، جیسے کہ گیند بہت گیلی ہو یا اس میں اضافی چمک ہو۔ یہ فیصلہ مکمل طور سے امپائر اپنی صوابدید سے لیں گے۔ اگر امپائر کو لگتا ہے کہ تھوک کے استعمال سے گیند کی حالت میں زیادہ تبدیلی نہیں ہوئی ہے تو گیند نہیں بدلے گی۔