بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے اعلان کیا ہے کہ بھارت کابل میں اپنا تکنیکی مشن مکمل سفارت خانے کے طور پر اپ گریڈ کر رہا ہے۔ انہوں نے افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی سے نئی دہلی میں ملاقات کے بعد یہ اعلان کیا۔
نئی دہلی کے حیدر آباد ہاؤس میں افغان ہم منصب امیر خان متقی کے ساتھ بھارتی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے ملاقات کی ۔ جے شنکر نے اس دوران افغانستان میں خود مختاری کی حمایت بھی کی۔ 2021 کے بعد یہ پہلی بار ہے جب ہندوستان نے افغانستان کی خود مختاری کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔
بھارت کے خارجہ سیکرٹری وکرم مسری نے جنوری میں دبئی میں متقی سے ملاقات کی تھی اور بھارت کے افغانستان کے لیے خصوصی نمائندے نے اپریل میں کابل کا دورہ کیا تھا تاکہ سیاسی اور تجارتی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
افغان طالبان نے کئی ممالک کے ساتھ اعلیٰ سطحی بات چیت کی ہے اور چین اور متحدہ عرب امارات سمیت بعض ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کیے ہیں، تاہم خواتین پر پابندیوں کی وجہ سے وہ عالمی سطح پر نسبتاﹰ تنہا ہیں۔











