اہم ترین

امریکا کے سینما گھر سے 65 سال پہلے کھویا ہوا بٹوا مل گیا

امریکا کے شہر اٹلانٹا میں ایک سینما گھر کی مرمت کے دوران 65 سال پہلے کھویا بٹوا مل گیا۔۔

امریکی ویب سائیٹ کے مطابق اٹلانٹا کے سینما گھر کی تزئین و آرائش کے دوران وہاں کام کرنے والوں کو ایک دیوار کے عقب سے 65 برس پہلے کھویا بٹوا ملا۔۔ جسے ٹھیکیدار نے سینما کے مالک کو سونپ دیا۔

سینما گھر کے مالک کرس ایسکوبار کا کہنا ہے کہ جہاں سے بٹوا ملا ہے وہ ممکنہ طور پر منیجر کا دفتر تھا جو کئی دہائیوں قبل مرمت کے دوران بند کردیا گیا تھا۔

کرس ایسکوبار نے کہا کہ بٹوا ملنے کے بعد ہم نے سوچا کہ اسے اس کے اصل مالک کو لوٹا دینا چاہیے ۔ یہ اس قدر آسان نہیں تھا لیکن ہم اس کے مالک کا سراغ لگانے میں کامیاب ہوگئے۔

کرس ایسکو بار نے کہا کہ بٹوے کی مالکن فلوئے کلبرتھ نامی خاتون تھی لیکن اس کا انتقال 2005 میں ہوچکا تھا۔ ہم اس کی بیٹی تھیا کلبرتھ چیمبرلین سے رابطہ کرنے میں کامیاب ہوگئے جو اس وقت 71 برس کی ہیں۔

تھیا کلبرتھ چیمبرلین نے کہا کہ 1958 میں جب اس کی والدہ کا پرس گم ہوا تھا تو اس وقت ان کی عمر 6 برس کی تھی۔ کوئی سوچ بھی نہیں سکتا کہ اس بٹوے کے لئے وہ کس قدر پریشان تھیں۔ اس کھوئے بٹوے کے دوبارہ ملنے سے ان کی والدہ کی یادیں تازہ ہوگئیں۔

پاکستان