وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر پیروڈی نامی ایک اکاؤنٹ سے شہدا کے خلاف ٹویٹ کی گئی، اس پر جو کمنٹس آئے ہیں وہ سب پی ٹی آئی کے لوگ ہیں جو ملک سے باہر ہیں
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنے کے لیے اتحاد ضروری ہے۔گزشتہ روز میر علی میں لیفٹیننٹ کرنل، کیپٹن اور ہمارے جوان شہید ہوئے، دہشت گردی کے خلاف قربانی دینے والے ہمارے محسن ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ آج اگر ملک قائم ہے تو ان شہدا کی قربانیوں کی وجہ سے ہے۔ الیکشن میں اختلافات پر شہدا کو شامل کرنا انتہائی گھٹیا عمل ہے۔ شہدا کے خلاف ایک سیاسی جماعت نے سوشل میڈیا پر مہم چلائی، ان کا مذاق اڑایا، وطن کے ساتھ اس سے بڑی ملک دشمنی ہو ہی نہیں ہوسکتی۔
حریک انصاف پر تنقید کے نشتر برساتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ملک کی خیر مانگنے کے بجائے یہ اسے بد دعائیں دیتے ہیں، آئی ایم ایف کو خط لکھنا ملک دشمنی کے مترادف ہے، ان کا اقتدار اپنے کرتوتوں کی وجہ سے گیا ہے، ان کی اپنی صفوں میں پھوٹ ہے، انہیں اپنے لیڈر کا ہی نہیں پتہ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر پیروڈی نامی ایک اکاؤنٹ سے شہدا کے خلاف ٹویٹ کی گئی، اس پر جو کمنٹس آئے ہیں وہ سب پی ٹی آئی کے لوگ ہیں جو ملک سے باہر ہیں۔ انڈیا، یورپ، امریکا اور دبئی سے بھی ایسے اکاؤنٹس آپریٹ ہو رہے ہیں مگر ان سب افراد کا پاکستان سے تعلق ہے جو یہاں لوگوں سے رابطے میں ہیں۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ افغان سرزمین ہمارے خلاف دہشت گردی کے لئے استعمال ہو رہی ہے۔ وہاں بیٹھے لوگوں کو یہاں بھی مدد حاصل ہے اور ہو سکتا ہے کہ جو لوگ شہدا کی توہین کر رہے ہیں وہی پاکستان میں دہشت گردوں کو پناہ دے رہے ہوں۔











